مخصوص نشستیں، عدالت پارلیمنٹ کو قانون سازی کیلئے کہہ سکتی ہے، تجزیہ کار

July 03, 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق کے سوال عدالت میں نظریہ ضرورت سے متعلق دلچسپ آراء کا اظہار، کس رائے میں وزن ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو قانون سازی کیلئے کہہ سکتی ہے،بنیادی حقوق کے نکتہ نظر سے آئین کی تشریح کرنا بھی نظریہ ضرورت ہے.

پروگرام میں تجزیہ کار فخر درانی اور ریما عمر نے اظہار خیال کیا۔ فخر درانی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس میں ججوں کی رائے سے زیادہ فیصلہ اہمیت رکھتا ہے، ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ ججوں کی رائے مختلف ہوتی ہے لیکن فیصلہ متفقہ یا اکثریتی آتا ہے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی تھی تو سپریم کورٹ اس پر ازخود نوٹس لے سکتی تھی، مخصوص نشستوں کے کیس میں سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو قانون سازی کیلئے کہہ سکتی ہے۔

ریما عمر کا کہنا تھا کہ جسٹس منصور علی شاہ یہ نہیں کہہ رہے آئین کو ایک طرف رکھ دیں اورجو ہمارا موشن ہے انصاف کا اس کے تحت فیصلہ کریں، چیف جسٹس نے نظریہ ضرورت کی جو تشریح کی ان سے اتفاق نہیں کرتی، بنیادی حقوق کے نکتہ نظر سے آئین کی تشریح کرنا بھی نظریہ ضرورت ہے۔