تحریک انصاف نے ملک کیخلاف غداری کی‘ عون چوہدری

July 03, 2024

اسلام آباد(جنگ نیوز)استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے پاکستان کیخلاف ساز ش کی ہے‘پی ٹی آئی نے 2016ء میں لندن جاکر پی آر فرم کی خدمات حاصل کی تھیں‘ اس فرم سے ذلفی بخاری نے متعارف کرایا‘ اسی ذلفی بخاری نے ہی یو این ورکنگ گروپ کو پاکستان کیخلاف خط لکھا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا کہ پی آر فرم سے کہا گیا تھا کہ ایک کھلاڑی کو قومی لیڈر کے طورپر پیش کرنا ہے، یہ لوگ پاکستان اور مسلح افواج کے خلاف مہم چلاتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ پاکستان مخالف مہم چلانے والوں کو خود بے نقاب کریں، ہمیں پتہ ہے کہ لندن میں بیٹھے لوگوں کو پیسے کون دے رہا ہے، پوری منی ٹریل ہے۔عون چوہدری نے ذلفی بخاری کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر آپ نے اپنے لیڈر کو چھڑانا ہے تو پاکستان آؤ، لندن کیوں بھاگ گئے ہو؟ پی ٹی آئی کی آستین میں سانپ ہیں، جنہیں ملک دشمن ایجنسیاں فنڈ کر رہی ہیں۔