مُبارک رات

June 11, 2018

گہرؔ اعظمی

پڑھو قرآں یہ اللہ نے کہا ہے

مبارک شب میں جو نازل ہُوا ہے

سُنو! پُرنُور ہے‘ اجمل ہے یہ شب

مہینوں سے ہزار افضل ہے یہ شب

فرشتوں میں ہے اس کا بول بالا

اسی شب میں بحکمِ ربِّ اعلیٰ

اُترتے ہیں زمیں پرکچھ فرشتے

رفاقت میں وہ سب رُوح القدس کے

ہے اُن کی ذات اطہر اور منوّر

بصد اعزاز امرِ خیر لے کر

ہمہ تن دیکھ کر محوِ عبادت

خُدا کے نیک بندوں کی ریاضت

مسرّت سے‘ عقیدت سے‘ ادب سے

دُعائے مغفرت کرتے ہیں رب سے

ہے سرتا سر سلام و خیر و طیّب

طلوعِ فجر تک رہتی ہے یہ شب

’’ مُبارک رات‘‘ ہے انعام رب کا

دُعا ہے شب ہو یہ مقدور سب کا