آؤٹ ڈور ایریا کی سجاوٹ ’’کچھ اپنے لیے بھی‘‘

July 05, 2018

زندگی کی مصروفیات اور ایک جیسے معمولات سے انسان اکتانے لگتا ہے، ایسے میں کچھ نیا اور منفرد کرنے کی لگن دل میں بیدار ہونے لگتی ہے۔ اگر آپ کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہے تو اپنےگھر میںہی کچھ نیا کرنے کی کوشش کریں۔ آج ہم اپنے’’ آرائش خانہ،، کے صفحے پرقارئین کے لیے مغربی انداز کی سجاوٹ اور آرائش سے متعلق تحریر کررہے ہیں، کیونکہ اس طرز کی سجاوٹ میں اکثروبیشتر خواتین غلطیاں کرتی ہیں ۔

کیا آپ نے کبھی سوچاکہ گھر کا وہ حصہ کون سا ہے جہاں آپ اکتائی ہوئی کیفیت سے چھٹکارہ حاصل کرسکتی ہیں ؟یا گھر کا وہ حصہ جسے آپ سجا کردن بھر کی تکان دور کرسکتی ہیں؟ آخر وہ کون سا حصہ ہےجس کی سجاوٹ اورآرائش آپ اپنے لیے کرسکتی ہیںاور سب سے داد بھی وصول کرسکتی ہیں ؟ہم بات کررہے ہیں آپ کے گھر کے بیرونی حصہ ( آؤٹ ڈور اسپیس )کی۔یہ وہ حصہ ہوتا ہے جس کی سادہ سی زمین کوبھی آپ اپنے تخلیقی آئیڈیاز کے ساتھ پُر بہار بناسکتی ہیں، جس کی سفید دیوار کو آپ تھوڑی سی محنت کےبعد ہرا بھرا دیکھ سکتی ہیں۔ تو آئیے بات کرتے ہیں کہ گھر کے آؤٹ ڈور ایریا کوکس طرح سجایا جاسکتا ہے۔

ہینگنگ لائٹس

ہم اپنے پہلے مضامین میں بھی ذکر کرچکے ہیںکہ گھرکے بیرونی حصے کی تعمیر کے دوران شیلٹر کا انتظام لازمی کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ حصہ آپ کو مون سون کی بارشوں میں موسم کا لطف اٹھانے اور گرمیوں میں دھوپ کی تپش اور تمازت سے بچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔تاہم اس شیلٹر کا ایک فائدہ آپ کو یہ بھی ہوگاکہ اس کے ذریعے اس حصے کی سجاوٹ قدرے آسان ہوجائی گی مثلاً اس شیلٹر پر ہینگنگ لائٹس کے ذریعے اس حصے کو جگمگایا جاسکتا ہے۔

ہینگنگ پلانٹس

لٹکتے ہوئے پودے بھی اس حصے میں دلکشی پیدا کرنے کاایک منفرد طریقہ ہیں۔ یہ پودے براہ راست شیلٹر کی چھت سے لٹکائے جا سکتے ہیں۔ چھوٹے بڑے ہر گھر میںیہ ٹرینڈ آج کل تیزی سے مقبول ہورہا ہے، باغیچہ بنانے کایہ ایک نہایت کم خرچ اور آسان طریقہ ہے۔

بیٹھنے کی جگہ

آؤٹ ڈور ایریا میںسب سے پہلے بیٹھنے کا بندوبست کریں، جس کے لیےآپ کرسیوں اور میز کا انتظام کرسکتےہیں۔ لکڑی کی بنی خوبصورت اور اسٹائلش کرسیاںاور میز اس حصے کی سجاوٹ کا بنیادی انتظام ہوگا جو بیٹھنے کے ساتھ اس جگہ کے حسن کو بڑھانے میں بھی مدد دیں گی۔کرسی اور میز کے لیے منتخب کی گئی جگہ کے بیک گراؤنڈ کو اگرآپ خوبصورت اور لال اینٹوںسے سجادیں تو اس جگہ کا لطف دوبالا کیا جاسکتا ہے۔

وال ڈیکوریشن

گھر کے اندرونی حصےکی ایک دیوار کوسجانے کا ٹرینڈتو خاصا مقبول ہے ہی ، کیوں نہ بیرونی حصے کو بھی اس ٹرینڈ سے آراستہ کردیا جائے۔جی ہاں!اگر آپ کا گھر روایتی طرزپربناہوا ہے تو آپ سب سےپہلے فن تعمیر کے خوبصورت نمونوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ایسے بہت سے نمونے موجودہیں جو گہرے رنگ کی دیوار کے ساتھ دلکش نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب دیوار پر ڈیکوریشن پیس اور وال پیپر استعمال کرکے اس حصے کے حسن کو نکھاراجاسکتا ہے۔

سایہ دار چھت اور باغبانی کا شوق

اگر آپ میں باغبانی کاحد درجہ شوق موجود ہے تو شیلٹر کی اوپری چھت اس مقصدکے لیے ایک بہترین آئیڈیاہے۔ اس چھت کو خوبصورت بیلوں کی مدد سے ڈھانپ کر آؤٹ ڈور انٹرٹینمنٹ کے ساتھ گارڈننگ کا شوق بھی بخوبی پورا کیا جاسکتا ہے۔یہ حصہ جتنا ہرا بھرا ہوگا آپ کو اتنا ہی سکون فراہم ہوگا۔

کچھ حصہ باغ کے لیے

آؤٹ ڈور ایریا میںباغ کی سجاوٹ اسے مزید پرکشش بنانے کا ایک آسان اور شاندار طریقہ ہے۔ اگر آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کے بارے میں سوچ رہے ہیں تو اس میں قدرت کے کچھ تحفے شامل کرنا نہ بھولیں، جو گھر میں داخل ہونے پر آپ کو خوش آمدید کہیں گے۔سجاوٹی پتھروں اور پودوں کی مدد سے ایک شاندار باغیچہ تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ اس حصے میں ایک بینچ بھی بنائی جاسکتی ہے جو آپ کو نظاروں کا لطف لینے میں مدد کرے گی۔

آبشارکا اضافہ

آبشاریں یا فوارے نہ صرف ماحول میں خوبصورتی پیدا کرتے ہیں بلکہ گھر آنے والے مہمانوں پر آپ کے جمالیاتی ذوق کا خوبصورت تاثر بھی چھوڑجاتے ہیں۔کہیں آپ یہ تو نہیں سمجھتے کہ آبشاروں کے ذریعے گھر کی سجاوٹ امیروں کا کام ہے؟ ایسا ہر گز نہیں ہے، گھر میں بنائے گئے یا مارکیٹ میں دستیاب چھوٹے فواروں یا آبشاروں کے ذریعے آؤٹ ڈور ایریا کی خوبصورتی میں کئی گنااضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ چاہیں تو تھوڑی سی محنت کرکےاپنے باغیچے یاپودوںکے درمیان آبشار بنا کراس حصے کی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتے ہیں ۔