ڈائننگ ٹیبل کا انتخاب اور سجاوٹ

December 30, 2018

ڈائننگ ٹیبل مغرب کا تحفہ ہے، جسے مشرق نے جلد ہی قبول کرلیا۔آج کل تعمیر کیے جانے والے جدید طرز کے مکانوں میں ڈائننگ ہال کی اہمیت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس ہال میں 6 سے 12 نشستوں والی بڑا ڈائننگ ٹیبل رکھی جارہی ہے۔ کئی خواتین ایسی ہیں، جن کے گھروں میں ڈائننگ ٹیبل تو ہے مگر وہ اس ٹیبل کی سجاوٹ کے بارے میں لاعلم رہتی ہیں۔ ہر خاتون کو ڈائننگ ٹیبل کی سجاوٹ کے طور طریقوں سے واقف ہونا ضروری ہے۔ سرد ممالک میں ڈائننگ ٹیبل کو فوڈ ڈسپلے ٹیبل کہا جاتا ہے۔ ان ممالک میں سردیوں میں خراب نہ ہونے والی غدائیں بناکر اس ٹیبل پر رکھ دی جاتی ہیں۔جب بھی کبھی بھوک محسوس ہو، گھر کے جملہ افراد ان تیار غذائوں جیسے جام، جیلی، فروٹس جام، بریڈ اور سوس سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی بھوک مٹالیتے ہیں مگر مشرقی ممالک میں ڈائننگ ٹیبل کا بطور فوڈ ڈسپلے ٹیبل تصورنہیں۔ ڈائننگ ٹیبل سجانے سے قبل اس کے سائز اور اسے استعمال کرنے والوں کا اندازہ لگالیں۔ دعوتوں میں عارضی طور پر کئی ٹیبل لگانی پڑتی ہیں، ان کی سجاوٹ پر بھی دھیان دیں۔ ان ٹیبلوں پر بیٹھنے والے مرد، خواتین اور بچوں کی عمروں کا بھی اندازہ لگالیں۔ ٹیبلوں کے سامنے کرسیوں کو مخصوص یا مظقی اندازمیں رکھیں۔ گھر کی ڈائننگ ٹیبل پر زیادہ سے زیادہ 6تا8 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے ۔ آپ اس ٹیبل کو اچھی طرح سے سجاسکتے ہیں۔ کوشش کریں کہ ٹیبل کو ہمیشہ صاف رکھیں، اس پر پلاسٹک کی پرنٹڈ شیٹ ڈال دیں اور اس کے اوپر بھی ایک ٹرانسپیرنٹ پلاسٹک بچھادیں، جس میں سے پرنٹڈ شیٹ کا ڈیزائن واضح طور پر نظر آئے۔ ساتھ ہی گہرے رنگ کے میٹس استعمال کریں۔ ٹیبل کی ایک جانب اسٹینڈ پر کانچ کے خوشنما گلاس رکھ دیں۔ طعام کے لیے اگرگوشت کی ڈشیں، نوڈلز یا میکرونی کی ڈشیں رکھنی ہیں تو اس لحاظ سے چمچے اور کانٹے ٹیبل پر رکھ د یں۔ ہمیشہ معیاری ڈنر سیٹ استعمال کریں، تاکہ مہمانوں پر اچھاتاثر قائم ہو۔ آپ جس قدر خوبصورت انداز میں ڈائننگ ٹیبل کو سجائیں گے، اتنا ہی مہمان آپ کے رکھ رکھاؤ سے متاثر ہوں گے کیونکہ بہتر ڈیکوریشن کے ذریعے آپ کے ذوق و جمال کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

جب بھی کوئی ڈائننگ ٹیبل خریدنے کی بات کرتا ہے تو یہ تاثر اُبھرتا ہے کہ ڈائننگ ٹیبل انتخاب بہت آسان ہے مگر آج کے دور میں جب ڈائننگ ٹیبل کی اتنی مانگ ہے تو یہ بھی اب مختلف ڈیزائن اور مٹیریل میں دستیاب ہے۔ اس وجہ سے ایک عام گھریلو شخص پریشان ہوجاتا ہے کہ کونسی ڈائننگ ٹیبل گھر کے لیے اچھی رہے گی کیونکہ اگر پورے گھر میں ہلکا فرنیچر ہے لیکن آپ نے ڈائننگ ٹیبل بہت بھاری لے لی ہے تو یہ اچھا تاثر نہیںدے گی۔ آپ کے گھر کے لیے کس طرح کی ڈائننگ ٹیبل ہونی چاہیے، اس پر ایک نظر ڈالتےہیں۔

مستطیل ڈائننگ ٹیبل

مستطیل طرز کا ڈیزائن پوری دنیا میں مشہور ہے۔ یہ بالکل روایتی اور صاف ستھرا نظر آتا ہے۔ اس کی میز اور کرسیاں خالص لکڑی سے بنی ہوتی ہیں۔ یقیناً یہ ایک بہترین اسٹائل ہے۔

مستطیل لیکن جدید

مستطیل ڈیزائن میں تھوڑی جدت لائی جاسکتی ہے۔ جب آپ کو بالکل سادہ اور صاف ڈیزائن چاہیے تواس کی کرسیوں کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ جیسے اس کی کرسیاں بار چیئرز کی طرح ہو سکتی ہیں یا ایک طرف صوفہ رکھاجاسکتاہے ۔ بغیر کسی تردد کے یہ سادہ لیکن جدید انداز کی ٹیبل آپ کے ڈائننگ روم کی رونق بڑھا سکتاہے۔

گول ڈائننگ ٹیبل

مستطیل ڈیزائن بے شک دنیا میں بہت مشہور ہے لیکن جب جگہ بچانے کے ساتھ ساتھ اسٹائل اور تھوڑی تبدیلی کی بات آتی ہے تو گول ڈائننگ ٹیبل کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اگر گھر میں زیادہ لوگ ہوں تو آپ اسی اسٹائل کو چنیں کیونکہ بڑے خاندان کے لیے مستطیل کی نسبت گول ٹیبل کا اسٹائل زیادہ مناسب رہتا ہے ۔

شیشے کی ڈائننگ ٹیبل

ڈائننگ ٹیبل کا ایک اور شاندار اور بے حد مشہور ڈیزائن شیشے کی میز اور اس کی مطابقت کی کرسیاں ہیں۔ اگر آپ کے گھر کا فرنیچر پرتعیش ہے تو ٹیبل کا یہ ڈیزائن آ پ کے گھر کے لیے بہترین رہے گا۔ شیشے کی میز چونکہ انگلیاں لگنے سے بھی گندی محسوس ہوتی ہے، تو اس کے لیے آپ ایک شاندار ٹرانسپیرنٹ شیٹ بھی بچھا سکتے ہیں۔

جدیدطرز کی ڈائننگ ٹیبل

اگر آپ کا گھر جدید طرز پر بنا ہوا ہے تو اس میں روایتی لکڑی کی ایک رنگ والی میز اچھی نہیں لگے گی۔ اس کے لیے مستطیل ڈیزائن کی ڈائننگ ٹیبل استعمال کی جاسکتی ہے اوراس کے ساتھ مختلف رنگوں کی کرسیاں رکھی جاسکتی ہیں۔رنگوں کا انتخاب کرتے ہوئے کمرے اور دیگر فرنیچر کے امتزاج کا دھیان ضرور رکھیں۔

ایک منفرد انداز

جدید دور میں یہ بھی دیکھا جارہا ہے کہ ڈائننگ ٹیبل کے ساتھ کرسیوں کے بجائے اسٹولز رکھے جارہے ہیں۔ اسٹولز قدرے منفرد ہوتے ہیں، دوسرا یہ کہ مہمان کو حرکت کرنے میں آسانی فراہم کرتے ہیں، جس کی وجہ سے مہمانوں کو گفتگو اور کھانے میں آسانی ہوجاتی ہے۔

چھوٹی اور نفیس ڈائننگ ٹیبل

اگر آپ کے گھر میں کم افراد ہیں اور آپ بہت چھوٹے اور نفیس ڈیزائن کو پسند کرتے ہیں توچارافراد کے لیے ایک شاندار سیٹنگ کی جاسکتی ہے۔ ایک گہرے رنگ کی خوبصورت لکڑی کی میز اور کرسیاں یا پھر پلاسٹک کی ٹرانسپیرنٹ کرسیاں بے حد خوبصورت اندازدے سکتی ہیں۔