نیویارک کی بلند ترین عمارت کا پُرتعیش پینٹ ہاؤس

August 11, 2019

نیویارک کی بلند ترین رہائشی عمارت کا ایک پُرتعیش پینٹ ہاؤس، جس کی اصل مالیت 82ملین ڈالر ہے، دو سال تک مارکیٹمیں فروخت کے لیے دستیاب رہنے کے بعد بالآخر اپنی اصل قیمت سے 21ملین ڈالر کم پر فروخت کردیا گیا ہے۔

نیویارک کی بلند ترین رہائشی عمارت کا نام 432پارک ایوینیو ہے، جس کے 95ویں فلور پر یہ پینٹ ہاؤس واقع ہے۔ پینٹ ہاؤس کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کے بعد فروخت کیا گیا ہے۔ ان دو اپارٹمنٹس سے سینٹرل پارک اور نیویارک شہر کا 360ڈگری نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ ہر اپارٹمنٹ تین بیڈ روم پر مشتمل کونڈو کی صورت میں فروخت کیا گیا ہے۔ دونوں کونڈوز میں سے ہر ایک کی قیمت بالترتیب 41.25ملین ڈالر اور 40.75ملین ڈالر مقرر کی گئی تھی، تاہم انھیں بالترتیب 30.7ملین ڈالر اور 30.2ملین ڈالر میں فروخت کیا گیا ہے۔

پینٹ ہاؤس کو دو حصوں میں تقسیم کرکے فروخت کرنا، اس رجحان کی نشاندہی کرتا ہے، جس کے تحت ڈویلپرز اپنی مہنگی جائیدادوں کو چھوٹے اور سستے یونٹس میں تبدیل کرکے کم قیمت پر فروخت کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس طرح ایک مہنگی جائیداد فوری طور پر فروخت ہونے کے قابل بن جاتی ہے۔

ہرچندکہ ان دو اپارٹمنٹس کو پینٹ ہاؤس کا نام دیا گیا ہے، لیکن یہ 432پارک ایونیو کی بلند ترین منزل پر واقع نہیںہیں۔ عمارت کی بلند ترین منزل 96ویں ہے، جبکہ یہ پینٹ ہاؤس یونٹس 95ویں منزل پر ہیں۔ 432پارک ایونیو کی سب سے اُوپری منزل پر واقع اپارٹمنٹ کو 2016ء میں ایک سعودی ارب پتی شخص کو 87.7ملین ڈالر میں فروخت کیا گیا تھا۔ عمارت کی 95ویں اور 91ویں منزلوں کو پینٹ ہاؤس کا نام دیا گیا ہے، کیونکہ ان منزلوں پر تعمیر شدہ اپارٹمنٹس کے لے آؤٹ اور پلان کو دیگر منزلوں کے مقابلے میں مختلف رکھا گیا ہے۔

نیویارک کی اس بلند ترین رہائشی عمارت پر شہر کے کئی باشندوں کو اعتراض بھی رہا ہے کہ یہ اس خوبصورت شہر کے اسکائی لائن میں ایک خوشگوار اضافہ نہیںکرتی۔ 2015ء میں جب اس عمارت کی منظوری دی گئی تھی تو اس وقت کئی لوگو ں کا خیال تھا کہ یہ عمارت بدصورت لگتی ہے۔ عمارت کی اونچائی1,396فٹ ہے۔ ویسے تو اپنے لاٹ کے باعث زیریں مین ہٹن میںواقع ’’وَن ورلڈٹریڈسینٹر‘‘، نیویارک کی بلند ترین عمارت ہے لیکن عملی لحاظسے وہ 432پارک ایونیو سے 28فٹ چھوٹی ہے۔

432پارک ایونیو بلڈنگ میں دربان 24گھنٹے دروازے پر خوش آمدید کہنے کے لیے موجود رہتے ہیں۔ بلڈنگ میں معاوضے پر پارکنگ (Valet Parking)کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ عمارت میں ایک پرائیویٹ داخلے کا راستہ بھی ہے، جہاں گاڑیاں بلڈنگ کے مکینوں اور مہمانوں کو بلڈنگ کے اندر ڈراپ کرکے روانہ ہوجاتی ہیں۔

95ویں فلور پر فروخت ہونے والا پینٹ ہاؤس (جسے ہرچندکہ دو حصوں میں تقسیم کرکے فروخت کیا گیا ہے) تقسیم سے پہلے چھ بیڈ رومز اور 7 باتھ رومز پر مشتمل تھا اور اس کا مجموعی رقبہ8,255مربع فٹ تھا۔

پینٹ ہاؤس کی فلورنگ کے لیے شاہ بلوط (Oak)کی لکڑی کا استعمال کیا گیا ہے، جب کہ چھت کو 12.5فٹ کی اونچائی پر رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں کھڑکیوں کا سائز 10x10فٹ رکھا گیا ہے۔

پینٹہاؤس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے مخصوص نجی لفٹ کی سہولت موجود ہے، جو گراؤنڈ فلور سے براہِ راست اپارٹمنٹس کے اندر کھُلتی ہے۔ لفٹ کا سفر بھی انتہائی خوشگوار ہوتا ہے، کیونکہ اس دوران شہر کا خوبصورت نظارہ بخوبی کیا جاسکتا ہے۔

یہ پینٹ ہاؤس پورے فلور پر مشتمل ہے، جس میں ایک علیحدہ لائبریری روم بھی شامل ہے۔ لائبریری روم میں ’فائرپلیس‘ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

پینٹ ہاؤس کے ماسٹر بیڈ روم کا سائز 30x15ہے، جو پینٹ ہاؤس کے ایک کونے میں واقع ہے۔ ماسٹر بیڈ روم میں بیٹھنے کی جگہ اور علیحدہ سے ڈریسنگ روم بھی موجود ہے۔ ماسٹر باتھ روم اعلیٰ معیار کی لگژری میں اپنی مثال آپ ہے۔ ماسٹر باتھ روم کے فرش اور دیواروں کے لیے ماربل استعمال کیا گیا ہے۔ 22انچ کا بیضوی شکل کا سِنک، نہانے کا ایک بڑا سا ٹب اور گرم فلوراس باتھ روم کی دیگر خصوصیات میں شامل ہے۔ جب کہ نیویارک شہر کے خوبصورت نظارے اس ماسٹر باتھ روم سے بھی کیے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہر بیڈ روم کے ساتھ اپنا مخصوص باتھ روم بھی موجود ہے اور ہر باتھ روم اتنا ہی پرتعیش ہے جتنا کہ ماسٹر باتھ روم۔

432پارک ایونیو کی مجموعی خصوصیات کی بات کریں تو اس میں فٹنس سینٹر بھی موجود ہے، جوکہ آج کل کی پرتعیش رہائشی عمارتوں کا ایک لازمی جزو بن چکا ہے۔ تاہم ہر رہائشی عمارت کے فٹنس سینٹر کا سوئمنگ پول 75فٹ طویل نہیں ہوتا، جیسا کہ نیویارک کی اس بلند ترین رہائشی عمارت میں بنایا گیا ہے۔ فٹنس سینٹر میں سوانا اور اسٹیم روم بھی دیے گئے ہیں۔ یہی نہیں، بلڈنگ میں ایک مساج روم بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ بلڈنگ کی اپنی لائبریری ہونے کے علاوہ کھیلنے کے لیے ایک بلیئرڈ روم بھی موجود ہے۔ اگر آپ کسی کاروباری سرگرمی کے لیے عمارت سے باہر نہیںجانا چاہتے تو عمارت میں14نشستوں پر مشتمل ایک کانفرنس روم بھی دیا گیا ہے، جہاں آپ اپنے کاروباری شراکت داروں کو مدعو کرکے کاروباری سرگرمیوں کو جاری رکھ سکتے ہیں۔

عمارت میں تفریح کے لیے بھی کئی سہولیات موجود ہیں، جن میں 220انچ کی اسکرین اور اسٹیٹ آف دا آرٹ ساؤنڈ سسٹم شامل ہے۔

اس عمارت میں،پینٹ ہاؤس فلورز اور سب سے آخری فلور کو چھوڑ کر دیگر فلورز پر موجود اپارٹمنٹس کی قیمتیں نسبتاً کم ہیں۔ گزشتہ دنوں اس عمارت کے 53ویں فلور پر ایک اپارٹمنٹ 10.75ملین ڈالر میں فروخت کیا گیا ہے۔ اس عمارت میں رواں سال مارچ میں جینیفر لوپیز نے بھی ایک اپارٹمنٹ 15.3ملین ڈالر میں خریدا ہے۔

ہرچندکہ 432پارک ایونیو نیویارک کی بلند ترین رہائشی عمارت ہے، تاہم جلد ہی اس سے یہ اعزاز ایک اور زیر تعمیر عمارت سینٹرل پارک ٹاور چھین لے گا، جو پایہ تکمیل کو پہنچنے کے بعد 1,550فٹ اونچا ہوگا۔