رنگ برنگے بٹن سے بنائیں خوبصورت پیالہ

August 21, 2019

گھر کی سجاوٹ اور آرائش کے لئے خواتین کے ذہن میں نت نئے آئیڈیاز جنم لیتے ہیں اور پھر وہ ان پرعمل کرنے میں دیر نہیں کرتیں ۔گھر کو سجانے میں خواتین بے شمار چیزیں اپنے ہاتھوں سے بنانا پسند کرتی ہیں ۔ان ہینڈی کرافٹس کی بات ہی کچھ اور ہوتی ہے۔ویسے بھی بیشتر دستکاریاں ایسی ہیں ،جنہیں بنانے کے لیے گھر سے ہی سارا سامان مل جاتا ہےاوریوں آپ بلا قیمت ایک فن پارہ تیار کرلیتی ہیں ۔ذیل میں آپ کے لئے چند آئیڈیاز پیش کئے جارہےہیں ،جن پر عمل کر کےآپ اپنی فنکار انہ صلاحیتوں کو آزما سکتی ہیں اور پھر ان کے نتیجے میں سب سے داد بھی وصول کرسکتی ہیں ۔بٹن پیالہ کیسے بنائیں : رنگ برنگے بٹنز ہر گھر میں موجود ہوتے ہیں ۔آپ کے گھر میں بھی کپڑوں پر لگائے جانے والے بٹنز یقیناً موجود ہوں گے۔ سو ،کیوں نہ آج ان پرانے بٹنز کو کار آمد بنایا جائے اور ان سے ایک خوبصورت ڈیکوریشن پیس بنا لیا جائے ۔اس کے لئے جلدی سے اپنا سیونگ باکس ،اپنی الماری اور ڈریسر وغیرہ کی درازیں کھنگالیں جہاں آپ کو مختلف رنگوں کے بٹنزرکھے ہوئے مل جائیں گے۔ان تمام بٹنز کو اکٹھا کرلیں ۔ آپ کو بٹنز کے علاوہ جو اشیاء درکار ہوں گی وہ درج ذیل ہیں ۔

اشیاء: مختلف رنگوں اور سائز کے چپٹے فلیٹ بٹنز ،غبارے ،وائٹ گلو، قینچی ،اخبار ،خالی کین ( کوئی ایسا خالی ڈبہ یا بڑا کپ جس پر ہوا بھرے غبارے کو خشک کرنے کے لئے رکھا جاسکے ،بڑا پینٹ برش ۔

طریقہ: ایک غبارے میں اتنی ہوا بھریں جتنا بڑا پیالہ بنانا چاہتی ہوں ۔پھر غبارے پر دھا گہ باندھا ہوا حصّہ یعنی ناٹ نیچے کی جانب رہے ۔پھر غبارے کے آدھے حصّے پر پینٹ برش کی مدد سے گلو لگائیں ۔اس کے بعد غبارے کو ناٹ کی طرف سے پکڑا کر ایک منٹ کے لیے پلٹیں تاکہ گلو چاروں طرف پھیل کر ایک جیسی سیٹ ہوجائے ۔اس کے بعد غبارہ دوبارہ اسی طرح رکھ دیں اور اسے مکمل طور سے خشک ہونے دیں تاکہ غبارے کے اوپر ربڑ جیسی ایک تہہ بن جائے۔یہ غبارے اور بٹنز کے درمیان ایک حفاظتی تہہ کا کام دے گا ۔جب گلو اچھی طرح خشک ہوجائے تو برش کی مدد سے اس کے اوپر گلو کی ایک اور تہہ لگائیں ۔گلو کو غبارے پر اوپر کی جانب سے لگانا شروع کریں اور اسے لگاتے ہوئے غبارے کی ناٹ کی طرف آجائیں ۔اب اس گلو کے اوپر جلدی جلدی بٹن ایک دوسرے کے بالکل قریب لگائیں ۔جب آدھے غبارے پر بٹنز چپکالیں تو اسے کین کے اوپر پلٹ کر اس طر ح رکھیں کہ غبارے کی ناٹ اوپر کی جانب رہے ۔اس طرح بٹنز گلو کے ساتھ اچھی طرح سیٹ ہوجائیں گے اور خشک ہونے کے بعد اپنی جگہ سے اِدھر اُدھر سرکیں گے نہیں ۔اب غبارے کو مکمل طور پر خشک ہونے دیں ،جس کے لیے انداز اً چار سے پانچ گھنٹے درکار ہوں گے۔جب بٹنز اور گلو اچھی طرح خشک ہوجائیں تو بٹنز کے اوپر گلو کی ایک تیسری تہہ لگائیں ۔اب اسے خشک ہونے کے لیے وقت دیں ،اس کے لیے غبارے کو رات بھر کے لیے چھوڑدیں ۔اگر ضرورت محسوس کریں تو گلو کی تیسری تہہ خشک ہونے کے بعد ایک چوتھی تہہ بھی لگا سکتی ہیں تاکہ بٹنز اپنی جگہ زیادہ مضبوط ہوجائیں ۔اب آپ کا دلکش پیالہ تقریباً تیار ہے،مکمل طور سے خشک ہونے کے بعد غبارے کی ناٹ قینچی کی مدد سے کاٹ دیں ۔یہ کام آہنگی سے انجام دیں تاکہ غبارے کی ہو اآہستہ سے نکل جائے ۔اس مرحلے پر ہوسکتا ہے کہ کچھ گلو غبارے میں سے ٹپک کر نیچے گرے ۔اسے احتیاط سے صاف کردیں اور قینچی کی مدد سے غبارے کو صفائی سے کاٹ کر پیالے کی شکل میں لے آئیں۔آپ کا خوبصورت بٹن پیالہ تیار ہے ،اس قسم کے پیالوں کو آپ سجاوٹ کے لئے بھی استعمال کرسکتی ہیں ۔اس میں ڈیکوریٹڈ فوڈآئٹمز بھی رکھے جاسکتے ہیں ۔اس کے ذریعے آپ مختلف رنگ کے بٹنز استعمال کر کے مزید پیالے بنا سکتی ہیں ۔