مارک زکر برگ کی کیروزیل اور برش ووڈ اسٹیٹ

August 25, 2019

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ اسٹارٹ اَپس شروع کرنے والے نوجوانوں کیلئے ایک ر ول ماڈل ہیں، جن کے فیس بک نے دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے دنیا کو حقیقی معنوںمیں گلوبل ورلڈ (عالمی دنیا) بنادیا۔ آپ اپنے فیس بک اکائونٹ کے ذریعے اپنے احباب اور شعبے سے وابستہ افراد سے دنیا میں کہیں بھی رابطہ یا علم و ہنر کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔

مارک زکربرگ ریئل اسٹیٹ کا شوق بھی رکھتے ہیں۔ دنیا کے امیر ترین نوجوان مارک زکر برگ نے تاہو جھیل کے مغربی کنارے کے سامنے دو جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔ امکان ہے کہ وہ تیسری جائیداد بھی اسی جھیل کے سڑک پار کنارے خریدیں گے۔ کیروزیل اسٹیٹ (Carousel Estate) میں آنجہانی انویسٹمنٹ بینکر رابرٹ کوئسٹ کا خاندان رہتا تھا جبکہ دوسری پراپرٹی برش ووڈ اسٹیٹ (Brush Wood Estate)کی سابق مالکہ سان فرانسسکو کی ایک مخیر شخصیت تھیں۔ مارک زکر برگ نے گزشتہ برس دسمبر میںکیروزیل اسٹیٹ 22ملین ڈالر جبکہ برش ووڈ اسٹیٹ 37ملین ڈالر میں ر واں سال جنوری میں خریدی تھی۔

کیروزیل اسٹیٹ سات بیڈ رومز کےساتھ ساڑھے تین ایکڑ رقبے پر محیط ہے جبکہ برش ووڈ اسٹیٹ 6.2ایکڑ کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ برش ووڈ اسٹیٹ وہ جگہ ہے جہاں لیگ کی طرف سے تاہو جھیل کو آلودگی کے اثرات سے بچانے کے لئے ہر سال میلہ سجتا ہے۔ آسکر دی لارینٹا فیشن شو لنچ کا مقام بھی یہیں ہے۔ اس کے مرکزی مکان کے چھ بیڈ روم ہیں۔ اس میں علیحدہ گیسٹ ہائوس اور پرائیویٹ گودام بھی ہے۔ مارک زکر برگ کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ وہ ایسے غیر معمولی گھر ڈھونڈتے ہیں جن پر کسی کی نظر نہیں جاتی۔ تاہو جھیل کے نزدیک یہ دو جائیدادیں خریدنے کا سودا انھوں نے فطرت سے قربت حاصل کرنے کیلئے کیا، وگرنہ وہ پہلے ہی سان فرانسسکو ،پالو الٹو کیلی فورنیا اور کائو آئی ہوائی میں مہنگے ریئل اسٹیٹ کے مالک ہیں۔

شمالی کیلی فورنیا کی تاہو جھیل رہائشیوں کے لئے مقبول تفریح گاہ ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر مارک زکر برگ نے لیک تاہو کو اپنا مستقل پکنک پوائنٹ بنانے کے لئے درختوں کے جھرمٹ میں گھری کیروزیل اسٹیٹ اور برش ووڈ اسٹیٹ خریدیں۔ مارک زکر برگ نے یہ جائیدادیں گولڈ رینج نامی لمیٹڈ لائبلیٹی کمپنی اور اپنے ہائی اینڈ ویلتھ منیجر آئیکونک کیبل کے ذریعے حاصل کی ہیں۔ ان دو جائیدادوں کے ساتھ زکربرگ جھیل تاہو پر 600فٹ سے زائد رقبے پر مشتمل پرائیویٹ واٹر فرنٹ کے بھی مالک ہیں۔ ان کے پڑوسی بھی کوئی معمولی لوگ نہیں، یہاں ہیولیٹ پیکارڈ کے بانی آنجہانی بل ہیولیٹ اور پبلشنگ آئیکون آنجہانی چارلس میک کلیچر کی فیملی بھی رہتی ہے۔ ابھی یہ بات وا ضح نہیں ہے کہ وہ ان دو املاک میں رہائش اختیار کریں گے یا انہیں توڑ کر نئے سرے سے بنائیں گے۔فیس بک دستاویز کے مطابق فیس بک کمپنی اپنے نوجوان سی ای او کی سیکیورٹی پر 20ملین ڈالر خرچ کرتی ہے۔

کیروزیل اسٹیٹ

چہار اطراف بلند درختوں کی گھنی چھائوں کے اندر بنکرنما پرانے ڈیزائن پر بنے بنگلو کو دیکھ کر سکون اور تحفظ کا احساس ہوتا ہے۔ یہاں خاموشی کا راج ہے، جس میں ہلچل پرندوں کی چہچہاہٹ اور درختوں کی شاخوں کے ہلنے سے ہوتی ہے۔ بنگلو کے برآمدے سے جھیل کے نظاروں کے ساتھ مارک زکر برگ باربی کیو شوق کی بھی تسکین کرسکتے ہیں۔ گھر کے مرکزی حصے میں بلند چھتوں کے ساتھ لونگ روم ہے۔ اس میں عالیشان فرنیچر سے آراستہ آٹھ بیڈ رومزہیںجبکہ باتھ رومز کی تعداد 9ہے۔ بیڈ روم کی نفیس سجاوٹ گائوں کی فطری زندگی کا مزہ دیتی ہے۔ مہمانوں کے لئے اضافی بیڈ رومز میں لکڑی کا کام قابل دید ہے۔ کشادہ کھڑکیاں بیرونی منظر سے جوڑے رکھتی ہیں۔ بڑا اور کشادہ باورچی خانہ گھروالوں کو کھانے پکانے کی بڑی گنجائش مہیا کرتا ہے۔ کیروزیل اسٹیٹ تین جداگانہ لیونگ کوارٹرز پر مشتمل ہے، جسے ایک چھت کےساتھ دالانوں سے جوڑا گیا ہے۔ یہاں پراپرٹی نگرانوں کے لئے بھی جداگانہ عمارت ہے، جس میں تین بیڈرومز اور ایک باتھ روم ہے۔ اس کے علاوہ مرینا اسٹائل جھیل میں کشتیوں کو لنگر انداز کرنے اور یہیں سے جھیل کی سیر کے لئے جانے کا اسپاٹ بنایاگیا ہے۔ یہاں کشتیاں لنگر انداز کرنے کی وسیع گنجائش ہے۔

برش ووڈ اسٹیٹ

تاہو سٹی کیلی فورنیا میں واقع یہ آئیکونک اسٹیٹ تنہائی کے شاندار مواقع مہیا کرتی ہے، جہاں جھیل کنارے بنے ڈیک سے کشتی رانی کا لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔ اس اسٹیٹ کو صدر تھیوڈور روزویلٹ کے قریبی دوست معروف امریکی ادیب اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے حامی اسٹیوارٹ ایڈورڈ وائٹ نے 1920ء میں خریدا تھا۔ اسی خاموشی کے ماحول میں انہوں نے اپنی تخلیقات سے ایک عالم کو دیوانہ بنایا۔ انہوں نےرڈیارڈ کپلنگ کے ناول ’’برش ووڈ بوائے‘‘ کے نام پر اس پراپرٹی کو’’ برش ووڈ اسٹیٹ ‘‘کے نام سے موسوم کیا۔ انہوں نے اس دور میں فطرت کا شوق جگایا، جب صنعتی انقلاب نے فطرت سے انسان کو دور کردیا۔ اب اسی فطری ریاست کو دنیا کے نوجوان کھرب پتی مارک زکربرگ نے خریدا ہے، جو فطرت سے ان کے عشق کا ثبوت ہے۔ اسٹیورٹ ایڈورڈ وائٹ اور ان کی بیگم ایلزبتھ جس طرح روحانیت کا شعور اجاگر کرنے اور سیر و سیاحت کو معمول بنانے کے لئے ٹریول اسٹوریز لکھتے رہے، کیا معلوم مارک زکر برگ اور ان کی بیگم چن بھی فطرت اور مصنوعی ذہانت کے رشتے اور تعلق پر کوئی ناول یاکوئی آپ بیتی تحریر کریں۔