چٹ پٹے مزیدار پکوان جو کھائے کھاتا چلا جائے

August 28, 2019

عظمیٰ صدیقی

اس ہفتے آپ کے لیے پیش ہیں کچھ چٹ پٹے پکوان کی تراکیب، انہیں بنا کر اپنی دعوت کا مزہ دو بالا کریں۔

پلاؤ بریانی

اجزا:ایک کلو،چاول سیلا ایک کلو آدھا گھنٹا بھگو لیں،ٹماٹر ڈیڑھ پاؤ گول گول کاٹ لیں،پیاز دو گٹھی ایک کا چھلکا اتار لیں اور ایک کو باریک لچھے دار کاٹ کر تل کر نکال لیں،لہسن چھ سے سات جوئے،ادرک باریک کٹی ہوئی مٹھی بھر،ادرک ایک انچ کا ٹکڑا،کالی مرچ بارہ عدد،لونگ بارہ عدد،کالا زیرہ آدھاچائے کا چمچہ،دارچینی دو بڑے ٹکڑے،تیز پات ایک بڑا پتا توڑ لیں،ثابت دھنیا ایک چمچہ،سونف ایک چمچہ ،دہی ایک پاؤ،زردے کا رنگ ایک چائے کا چمچہ،لیموں دو عددباریک سلائسز کاٹ لیں ،ثابت ہری مرچیں دس سے بارہ عدد، پودینا چند پتے ،آلو بخارے چھ عدد،نمک حسب ذائقہ،سرخ مرچ پسی ہوئی دو چمچے،تیل تین چوتھائی کپ،چینی ایک چمچہ

ترکیب:ایک ململ کے کپڑے میں چھلکا اتاری ہوئی پیاز کی گٹھی لہسن کی پوتھی ڈنڈی سمیت ، ادرک کا ٹکڑا ۔ تمام گرم مسالا ، ثابت دھنیا سونف، تیز پات باندھ لیں اور گوشت میں پوٹلی اور نمک کے ساتھ چھ گلاس پانی ڈال کر گوشت گلا لیں ۔ پوٹلی کو نکال لیں گوشت کو پانی سے الگ کر لیں ۔ یخنی والا پانی چار گلاس ہونا چاہیے اس پانی میں پہلے سے بھگوئے ہوئے سیلا چاول ڈال دیں پانی خشک ہونے لگے تو چولہے سے ہٹا کر ایک طرف کر دیں چاولوں میں نہ تو بہت پانی ہو اور نہ ہی وہ برتن سے چپکے ہوئے ہوں چاولوں کا نمک ان کے حساب سے بالکل مناسب ہونا چاہیے مسالے کا نمک الگ چیک کریں کہ برابر ہے یا نہیں۔ اب ایک کھلے منہ کے برتن میں تیل گرم کریں اور گوشت کے ساتھ پوٹلی میں موجود لہسن کے چھلکے نکال لیں اور مسالے کو مسل کر اس میں ڈال دیں گوشت کی رنگت سرخ ہو جائے تو اس میں سرخ مرچ ڈالیں اور ساتھ ہی آدھے ٹماٹر اور آلو بخارے ڈال کر بھون لیں اب دہی میں چینی کے ساتھ زردے کا رنگ ڈالیں ۔ مسالا تیل چھوڑ دے تو چولہے کی آنچ بالکل دھیمی کر دیں اس میں دہی ڈالیں ۔ دہی اپنا پانی چھوڑنے لگے تو اس کے اوپر تہہ در تہہ باقی بچے ہوئے ٹماٹر لیموں ، ہری مرچیں پودینا ڈال دیں اور اس کے اوپر چاول بچھا دیں ۔ برتن ڈھانک کر پہلے سے گرم کیے ہوئے توے پر رکھیں اور اس کے اوپر سل وغیرہ رکھ دیں پہلے تین چار منٹ تیز آنچ پر اور پھر بالکل دھیمی آنچ پر پندرہ منٹ مزید دم دیں۔ مزیدار پلاؤ بریانی تیار ہے ، ہری چٹنی اور سلادکے ساتھ بہت مزے سے کھائیں ۔

بیف روسٹ

اجزاء: گائےکا گوشت(ثا بت ٹکڑا، بغیر ہڈی) دو کلو، کالی مرچ دو کھانے کے چمچے، زیرہ پسا ہوادو کھا نے کے چمچے، ہری مرچ پسی ہوئی دو کھانے کے چمچے ، نمک حسب ذائقہ، دہی ایک کپ، گرم مسالا پسا ہواایک کھانے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائے کا چمچہ، ثابت دھنیا پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، پپیتا: (گوشت گلانے کے لیے) دو کھانے کے چمچے ، پانی حسب ضرورت، تیل آدھی کڑاہی ۔

ترکیب: گوشت کو چھری کی مدد سے کٹ لگالیں، تاکہ مسالا اندر تک رچ بس جائے۔ اب اس میں تمام مسالے لگا کر چار سے پانچ گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں، تاکہ مسالا اور گوشت یکجان ہو جائیں۔ اب ایک بڑی دیگچی میں پانی گرم کریں اور اس دیگچی کے اوپر (چاولوں میں استعمال ہونے والا) چھنا رکھ دیں اور اسی کے اوپر گوشت کا ٹکڑا رکھیں اور اسے ڈھکن سے کور کر دیں۔ جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو ایک الگ سی دیگچی میں تیل گرم کریں اور اس میں گوشت کو دس سے پندرہ منٹ تک ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ بیف روسٹ تیار ہے، اسے گرم گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔

پشاوری مٹن کڑاہی

اجزاء:گوشت آدھا کلو، ٹماٹرتین عدد، تیل آدھا کپ، دہی آدھا کپ، دھنیا آدھی گٹھی، ہری مرچ چار سے پانچ عدد، ہلدی ایک چائے کا چمچہ، ادرک دو چائے کے چمچے، لہسن ایک چائے کا چمچہ، گرم مسالا پسا ہوا آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسب ضرورت، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ۔

ترکیب: تھوڑے سے پانی میں گوشت کو اتنا پکائیں کہ پانی خشک ہوجائے۔ پھر اس میں ادرک لہسن کا پیسٹ اور دہی شامل کریں۔ ہلدی، گرم مسالا، نمک اور لال مرچ ڈال کر مکس کریں۔ ٹماٹر، ہری مرچ اور تھوڑا سا پانی شامل کریں، تاکہ مسالا بن جائے اور اسے ڈھک دیں۔ جب گوشت اچھی طرح سے مسالے میں رچ بس جائے اور تیل اوپر آجائے تو اسی تیل میں گوشت کو تھوڑا سا پکائیں۔ تیا ر ہونے پر ہرادھنیا اور ہری مرچ کے ساتھ گارنش کریں۔

مٹن بریانی

اجزاء: بکرے کا گوشت ایک کلو ، باسمتی چاول ایک کلو، لہسن چار جوئے، دھنیا پسا ہواتین چائے کے چمچے، دار چینی ایک اسٹک، ہری مرچ تین سے پانچ عدد، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، پیازپانچ عدد (بڑے سائز کے)، ادرک ایک درمیانہ ٹکڑا، لونگ تین عدد، زیرہ، الائچی(بھنی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ، دہی ایک کپ، کڑی پتہ دو عدد، نمک حسب ضرورت۔

ترکیب: گوشت کو صاف کرکے درمیانی سائز کی بوٹیاں کاٹ لیں۔ پھر گوشت پر دہی لگا کے چھوڑدیں۔ لونگ، زیرہ اور الائچی کو بھون کے پیس لیں۔ ادرک، لہسن، ثابت لال اور ہری مرچ اور پیاز کو بھی گرائینڈر میں پیس لیں۔ اب دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز کو ہلکا براؤن کرلیں۔ پھر اس میں دہی میں ملایا ہوا گوشت شامل کریں۔ ساتھ ہی باقی مسالے جو گرائینڈ کیے ہوئے ہیں، وہ بھی ڈال دیں اور اسے تب تک پکائیں جب تک گوشت گل نہ جائے۔ گوشت میں پانی ڈالنے کی ضرورت نہیں ہے، کیوں کہ گوشت دہی کے پانی میں ہی پک جائے گا۔ جب تیل اوپر آجائے تو کڑی پتہ شامل کریں۔اب ایک دیگچی میں چار گلاس پانی میں نمک ڈال کر چاولوں کو ابال لیں۔ جب چاولوں کی ایک کنی رہ جائے تو اسے اتار لیں اور اس کا پانی پھینک دیں۔اس کے بعد الگ سی دیگچی میں ایک تہہ چاول اور ایک تہہ گوشت کے قورمے کی لگا لیں۔ پھر تھوڑے سے پانی میں زردہ رنگ ڈال کے چاولوں کے اوپر ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر دم پے رکھ دیں۔ مزے دار مٹن بریانی تیار ہے۔ رائتے اور سلاد کے ساتھ مہمانوں کو پیش کریں۔