ریاض،تہران(جنگ نیوز،نیوزایجنسی) جوہری توانائی سےمتعلق معاملات پرنگاہ رکھنے والی اقوام متحدہ کی ذيلی تنظیم انٹرنيشنل اٹامک انرجی ايجنسی (IAEA) کے قائم مقام ڈائريکٹر جنرل نے گزشتہ روز ايران کادورہ کیا۔ کورنل فيروٹا نےايرانی وزير خارجہ محمد جوادظريف اور ايران کی ایٹمی توانائی ايجنسی کے سربراہ علی اکبر صالح سے ملاقاتيں کیں۔تہران حکومت نے حال ہی ميں اعلان کيا تھا کہ وہ دو ايسی سينٹری فيوجز کا استعمال شروع کرنے کوہے جن کا استعمال 2015ء کے جوہری معاہدے کےتحت ممنوع قراردے ديا گيا تھا۔ کورنل فيروٹا کی ملاقاتوں ميں اسی موضوع پر بات چيت ہوئی۔ دریں اثنا سعودی ولی عہد محمدبن سلمان اور فرانسيسی صدر ايمانوئل ماکروں نے مشرق وسطیٰ کے حالات پرتبادلہ خيال کيا ہے۔ايمانوئل ماکروں نے محمدبن سلمان سے ہفتے کی رات ٹيلی فون پر رابطہ کيا اور خطے کی صورت حال پر بات چیت کی۔ اس گفتگو ميں دونوں رہنماؤں نے رياض اور پيرس حکومتوں کے مضبوط باہمی تعلقات کو سراہا اور مشرق وسطیٰ ميں ديرپا استحکام کے قيام اور سلامتی کی صورتحال بہتر بنانے پر تبادلہ خيال کيا۔