کنکریٹ بلاکس سے لائیے تخلیقی انداز

October 04, 2019

تعمیراتی نقطہ نظر سے دیکھا جائے توکسی بھی پروجیکٹ کی پائیداری اور مضبوطی کے لئے کنکریٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ سیمنٹ اور کنکریٹ ایسے خام مال ہیں، جن کے بغیر تعمیراتی صنعت کا وجود نامکمل سمجھا جاتا ہے۔

عمارتوں کی تیاری کے لیے کنکریٹ اور سیمنٹ بلاکس کا استعمال توعام ہےتاہم اگر آپ اپنے گھرمیں کچھ انڈسٹریل لُک بھی چاہتے ہیں تو آپ ان بلاکس کو رنگین بھی بناسکتے ہیں۔

دوسری صورت میں یہ اپنے خام رنگ میں بھی گھر کے مختلف حصوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے کافی ہیں۔ آپ کچھ تخلیقی انداز کے ساتھ ان کا استعمال کیجیے۔

ایسے بہت سے اسٹائل موجود ہیں، جن کے ذریعے گھر کے اندر اور باہر ان بلاکس کو استعمال کرتے ہوئے آپ کسی بھی جگہ کو رعنائی بخش سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی اپنے گھر میں تخلیقی انداز میں کنکریٹ اور سیمنٹ بلاکس کے استعمال کے خواہشمند ہیں تو مندرجہ ذیل تجاویز پر غور کریں ۔

بینچ

گھر کے بیرونی حصے کے لیے فرنیچر کے انتخاب کرنا خاصا توجہ طلب ہوتا ہے۔ اندرونی حصوں کے فرنیچر کے لیے عام طورپر اس بات کا خیال رکھا جاتا ہے کہ وہ جدید اور اسٹائلش ہو لیکن جب بات آتی ہے بیرونی حصے کی تو یہاں کا فرنیچر نہ صرف ٹرینڈی بلکہ پائیدار بھی ہونا چاہیے تاکہ وہ موسم کے اثرات سے محفوظ رہ سکے تو کیوںنہ موسمی اثرات سے محفوظ کنکریٹ اور سیمنٹ بلاکس سے آؤٹ ڈور بینچ تیار کی جائے ؟ یہ بینچ ریڈی میڈ فرنیچر کے مقابلےزیادہ سستی اور پائیدار ثابت ہوگی۔

کنکریٹ کے کم ازکم چھ چھ بلاکس ایک طرف رکھیں اور لکڑی کے تختوں سے انہیں سہارا دیتے ہوئے ان کی پائیداری کا اطمینان کرلیں،دوسری صورت میں پائیدار بینچ کی تیاری کے لیے آپ کو جتنی بڑی بینچ کی ضروت ہو، اتنے ہی بلاکس لگائیں اور انھیں گارے سے مضبوط کرلیں۔ اس بینچ پر کشن اور فوم بچھاکر اس سے لطف اندوز ہوں۔

فائر پٹ

موسمِ سرما کا نام آتے ہی سردی، گرم کپڑے، آگ سینکنے اور اس سے حرارت حاصل کرنے کا تصور ذہن میں آنے لگتا ہے۔ اگر آپ کے گھر میں آتش دان نہیں تو کوئی مسئلہ نہیں صرف 16کنکریٹ بلاکس کےاستعمال سے آپ اپنے باغیچے کے لیے ایک منفرد آتش دان تیار کرسکتے ہیں۔

کنکریٹ بلاکس کی دو تہیں چوکور انداز میں اس طرح بچھائیں کہ درمیانی حصہ بالکل خالی رہے آتش دان کی اونچائی بڑھانے کے لیے ایک بلاک افقی طرز جبکہ دوسرا عمودی طرز پر نصب کیا جاسکتا ہےان بلاکس کو گارے سے مضبوط بنائیں اور درمیانی حصے کو آگ کے لیے مختص کردیں۔ اس آتش دان کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے اوپری حصے کے بلاکس کی خالی جگہوں کو رنگ برنگے پتھروں سے بھردیں اور سردیوں کی راتوں کا مزہ اٹھائیں۔

ورٹیکل پلانٹر

ورٹیکل گارڈننگ (عمودی باغبانی) اس برس کا سب سے مقبول ٹرینڈ ہےدنیا بھر کے ممالک میں یہ ٹرینڈ تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔اگر آپ ورٹیکل گارڈننگ کے لیے پلانٹر کی تلاش میں ہیں توکنکریٹ بلاکس کا استعمال تخلیقی انداز میں کیا جاسکتا ہے۔ کنکریٹ بلاکس کو ورٹیکل پلانٹر کے طور پر استعمال کرتے ہوئے آپ بھی اپنے گارڈن میں پودوں کی تیاری کے لیے ایک منفرد جگہ تیار کرسکتے ہیں۔

نائٹ اسٹینڈ

کنکریٹ بلاکس کا استعمال نائٹ اسٹینڈ کے طو پر بھی کیا جاسکتا ہے۔ گھر کے اندر کھلی جگہوں میں تخلیقی آئیڈیاز کے ذریعے کنکریٹ بلاکس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کچھ بلاکس کو افقی طرز پر تو کچھ کو بیڈ کے کونوں میں اس طرح نصب کریں کہ یہ آپ کو اسٹوریج کی جگہ بھی فراہم کریں۔ اس پر آپ باغبانی کا شوق بھی پورا کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ ان بلاکس میں موجود خالی جگہیں آپ کی اسٹڈی بک رکھنے کے لیے بھی موزوں ہیں۔

گارڈن ٹاور

گارڈن ٹاور تو آپ مختلف تفریحی پارکس میں دیکھتے ہوں گے! اپنے گارڈن میں کسی ایسے ہی ٹاور سے متعلق سوچیں۔ مختلف سائز کے کنکریٹ بلاکس کا استعمال مختلف انداز میں کرتے ہوئے گارڈن ٹاور تیار کیاجاسکتا ہے۔ اس ٹاور کو بچوںکی برتھ ڈے پارٹی یا پھر مہندی مایوں جیسی تقریبات میںسجاکر تقریب کا مزہ دوبالا کیا جاسکتا ہے۔

شیلف

اگر آپ لیونگ روم میں بہت زیادہ سامان کی وجہ سے پریشان ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں۔ آپ اس مقصد کے لئے لکڑی کی شیلف کے بجائے کنکریٹ بلاکس کا شیلف بنانے کی جانب غور کیجیے۔ اس خوبصورت شیلف سے آپ چیزوں کو نمایاں بھی کر سکتے ہیں اور قیمتی سجاوٹی اشیا کو خوبصورت انداز میں محفوظ بھی کر سکتے ہیں۔

آؤٹ ڈور ڈائننگ ٹیبل

کنکریٹ بلاکس کا استعمال گھر کے بیرونی حصے میں ٹیبل کے طور پر بھی کیا جاسکتا ہے۔ کنکریٹ بلاکس کو عمودی اندازمیں نصب کرکے ان پر ایک لکڑی کے تختے کا اضافہ کیجیے اور ایک پائیدار ٹیبل کا مزے اٹھائیے۔