تعمیرات میں ڈرونز کا استعمال

November 24, 2019

زمانہ اتنی تیزی سے بدلے گا، قطعی اندازہ نہیں تھا، یعنی اب بچے آسمانوںپر پتنگ اڑانے کے بجائے ڈرونز اڑانے لگے ہیں اور یہ تفریحی ڈرونز 25سے30ہزار روپے میںبآسانی دستیاب ہیں۔ اب چاہے شادی کی مووی بن رہی ہوںیا کھیلوں کے مقابلے ہوں، ڈرونز ہر جگہ نظر آتے ہیں۔ اسی طرح ڈرونز کا استعمال تعمیراتی صنعت میں بھی بڑھ چڑھ کر ہونے لگا ہے۔

ڈرون کا مطلب ایک ایسا جہاز یا ہیلی کاپٹر ہے، جس میں پائلٹ موجود نہ ہو اور اسے آپ زمین سے محدود یا لامحدود فاصلے سے کنٹرول کرسکیں۔ یہ ٹیکنالوجی اب کافی عام ہوتی جارہی ہے۔ 2018ء میںدنیا بھر میںتقریباً 30لاکھ ڈرون فروخت ہوئے، جن میں سے10لاکھ ڈرونامریکی انتظامیہ برائے ہوا بازی کے پاس رجسٹرڈ ہوئے کیونکہ امریکا میں کسی بھی اسٹو ر پر فروخت ہونے والے ڈرون کو انتظامیہ رجسٹرکرتی ہے۔

اب بات کرتے ہیں تعمیراتی صنعت کی، جس میںڈرون کی وجہ سے کئی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔ آئیںجانتے ہیں کہ ڈرون ٹیکنالوجی کس طرح اس صنعت کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔

زمین کا سروے

اب روایتی طریقے سے زمین کا سروے کرنے کے بجائے اس کی جگہ ڈرون استعمال کیا جانے لگاہے، یوں کہہ لیں کہ انگریزی کی اصطلاح Bird's-eye viewکی جگہ Drone's-eye viewنے لے لی ہے۔ ڈرون کا استعمال کرنے سے بہت سی محنت اور وقت بچتاہے جبکہ سروے کے نتائج بھی درست ملتے ہیں۔ ڈرون انسانی غلطیوںکو کم سے کم کرتاہے اور بلاوجہ کی معلومات حاصل کرنے کے چکر میںوقت ضائع کرنے کے بجائے کم وقت میں سروے مکمل کردیتاہے ۔

انفرااسٹرکچر کی بہتری

ڈرونز میں کسی بھی سائٹ پر کا م کرنے کی زبردست برداشت اور ذہانت ہوتی ہے۔ یہ تمام ڈیٹا جمع کرنے اور پھر اس کا تجزیہ کرکے رپورٹ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کہ پروجیکٹ کتنی تیزی سے مکمل ہو سکتاہے۔

اس کیلئے بہرحال انسانی مدد کی ضرورت ہوتی ہے، تاہم امکان یہی ہے کہ مستقبل میں بڑے بڑے پروجیکٹس میں انسانی عمل دخل کم سے کم اور ڈرونز کا زیادہ سے زیادہ ہوتا چلاجائے گا۔ بلند وبالا عمارت بنانے میں یہ اس کے اسٹرکچر کے مطابق مارجنز کی معلومات دے گا، جس سے لاگت میںکمی آئے گی۔ ڈرونز پر اعتماد کرکے آپ کسی بھی پروجیکٹ کو کم لاگت میںاور وقت پر مکمل کرنے کے قابل ہوںگے۔

انتظامی اور رابطہ کاری امور

تعمیراتی سائٹ کا رقبہ کافی بڑا ہوتا ہے، جہاں فوری پیغام رسانی یا اشیا کی فراہمی کیلئے ڈرون ٹیکنالوجی بڑی معاون ہوتی ہے۔ کام کے مقامات پر رابطہ کاری کیلئے ڈرونز کا استعمال بڑھتا جارہاہے۔ ڈرون میںلگے کیمرے کمیونیکیشن اور سرویلنس کی فوٹیج فراہم کرتے ہیں۔ ڈرون ملازمین اور مزدوروں کے کام کی نگرانی بھی کرتے ہیں، اس طرح سپروائزرز وغیرہ کی ضرورت بھی کم سے کم محسوس کی جاتی ہے۔

آجکل کمیونیکیشن کا شعبہ اور مینجمنٹ ڈرونز کی کارکردگی کو اس لئے بھی تسلیم کررہی ہے کہ ان سے انہیںحقیقی یعنی ریئل ٹائم ڈیٹا فوری طور پر حاصل ہوتاہے، بصورت دیگر تاخیر کی صورت میںنقصان ہونے کا احتمال ہوسکتا ہے۔ ا س ٹیکنالوجی کو 24/7استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ انسان کیلئ طویل وقت کام کرنا ممکن نہیںہوتا۔

مواصلات و معائنہ

تعمیراتی سائٹ کے معائنے کیلئے ڈرونز کے استعمال کا مطلب یہی ہے کہ آپ یا آپ کے ملازمین بہت سارے خطرات سے محفوظ رہیںگے۔ بہت سی سائٹ میںخطرناک مقامات بھی ہوتے ہیں، جہاں انسانوں کا جانا مشکل یا خطرے کا باعث ہوسکتاہے مگر ڈرونز وہاںپر جاکر بآسانی معائنہ کرسکتے ہیں۔ اس طرح وقت اور مشینری کے اخراجات بھی بچتے ہیںاور انسانی جانیںبھی محفوظ رہتی ہیں ۔

نگرانی اور سیکیورٹی

ڈرون ٹیکنالوجی سے سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی، چاہے وہ سیکیورٹی ملازمین کی ہو، مکان کی یا پھر سامان کی۔ ڈرون ٹیکنالوجی کفایتی بھی ہے اور کار گر بھی۔ اس قسم کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے تعمیراتی صنعت میں ڈرونز کا استعمال زیادہ سے زیادہ ہوتا جارہا ہے۔ ڈرونز چوبیس گھنٹے نگرانی کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ نامور کمپنیاں ان سے استفادہ حاصل کررہی ہیں۔ ان کی وجہ سے سیکیورٹی کامعیار بھی بلند ہوا ہے۔ تاہم، اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے پیشگی اجازت نامہ مطلوب ہوتا ہے اور وہی ڈرونز کیمرے استعمال کیے جاسکتے ہیں، جو خاص طور پر سیکیورٹی اور سرویلنس کیلئے بنائے جاتے ہیں۔