بریگزٹ عمل کی جلد تکمیل میرا ایجنڈا ہے، پرویز اختر

December 08, 2019

لوٹن ( شہزاد علی) لوٹن حلقہ جنوبی سے کنزرویٹیو پارٹی کے پارلیمانی امیدوار پرویز اختر نے بری پارک میں اپنے انتخابی دفتر میں متعدد کمیونٹی عمائدین سے ملاقاتیں کی ہیں اور ساتھ ہی ان کی ٹیم کی ڈور ٹو ڈور مہم بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز لوٹن کی معروف کاروباری شخصیت چوہدری جہانگیر پوٹھی نے بھی پرویز اختر کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ جہانگیر پوٹھی خود کنزرویٹیو پارٹی سے منسلک ہیں ان کا کہنا ہے کہ پرویز اختر خود ایک کشمیری اوریجن ہیں جن کے ایم پی بننے سے مسئلہ کشمیر کو تقویت مل سکتی ہے جبکہ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ لوٹن حلقہ جنوبی میں طویل عرصہ سے پائی جانے والی پسماندگی کے عوارض دور کرنے اور کمیونٹی کے معیار زندگی بلند کرنے کے لیے اپنے تجربات کو بروئے کار لائیں گے جبکہ پرویز اختر نے سوشل میڈیا پر بھی اپنی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ممبر پارلیمنٹ بننے کی صورت میں چاہیں گے کہ بریگزٹ عمل جلد از جلد مکمل ہو تاکہ پھر لوٹن پر فوکس کیا جاسکے ، وہ اس امر کے لیے کوشاں ہوںگے کہ لوٹن میں زیادہ پولیس افسران کی تعیناتی ہو ، بیڈفورڈشائر پولیس کے ساتھ 54 اضافی پولیس افسروں کی تعیناتی ہوسکے تاکہ لوٹن کو محفوظ بنایا جاسکے۔ لوٹن اینڈ ڈنسٹیبل ہاسپٹل کے لیے 99.5 ملین پونڈ ایک نئے پانچ منزلہ انتہائی نگہداشت کئیر بلاک کی تعمیر کا منصوبہ اور قومی محکمہ صحت میں نئے ڈاکٹروں ، نرسوں کی پاور کورٹ اور نیو لینڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ ان سے ملاقات کرنے والی کمیونٹی کی چیدہ شخصیات نے ان کی اس تحقیق کہ برطانیہ میں 33 پارلیمانی حلقوں سے خود کشمیری ایم پی منتخب ہوسکتے ہیں، کو زبردست الفاظ میں سراہا ہے اور مزید اس نقطہ کو بھی پزیرائی مل رہی ہے کہ اب پرو کشمیر نہیں وے فارورڈ یہ ہے کہ خود کشمیری ممبران پارلیمان کا اضافہ ہو۔ دریں اثناء متعدد عمائدین جن میں لوٹن کنزرویٹیو کے وائس پریزیڈنٹ راجہ عارف اور حاجی راجہ طالب کیانی شامل تھے نے لوٹن ساؤتھ سے کنزرویٹیو پارٹی پارلیمانی امیدوار پرویز اختر کو بورس جانسن کو اسلامو فوبیا پر معذرت کا مطالبہ پیش کرنے پر ان کی جرات اظہار کو سراہا، علاوہ ازیں آج بیچ روڈ پر کنزرویٹو کلب میں بھی ایک ایونٹ منعقد ہوگا جس میں ان کی انتخابی کیمپین کو مزید آگے بڑھانے پر غوروخوض کیا جائے گا ۔