پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید کی چیئرمین ایس پی آئی اے آئی سی سے ملاقات

January 06, 2020

پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے گزشتہ دنوں چیئرمین سعودی پاک انڈسٹریل اینڈ ایگریکلچر انویسٹمنٹ کمپنی (ایس پی آئی اے آئی سی) سلطان محمد حسن عبد الرؤف سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ قونصل جنرل خالد مجید نے نئے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری پر سلطان محمد حسن عبدالرؤف کو مبارکباد دیتے ہوئے، برادر ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں ایس پی آئی اے سی کے اہم کردار کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین پٹرولیم مصنوعات میں 3.4 ارب ڈالر کا تجارتی حجم مضبوط تعلقات کا عکاس ہے اور ابھی کئی مواقع ایسے ہیں، جن میں تاجروں اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں میں ایس پی آئی اے آئی سی کے پلیٹ فارم کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

ملاقات میں کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے کئی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ سلطان محمد حسن عبد الرؤف رواں ماہ کے آخری ہفتے میں مختلف تجارتی افرادسے ملنے کے لیے پاکستان جائیں گے۔