بھارت میں ایک نجی اسکول کے مالک نے اپنی 2 سالہ بیٹی کو گود میں اٹھا کر رہائشی عمارت کی 23ویں منزل سے کود کر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کا رہائشی 35 سالہ راہول وجے ران سوسائٹی کے ٹاور 9 میں رہتا تھا تاہم اس نے ٹاور 5 سے چھلانگ لگائی جس کی وجہ سے معاملہ مشتبہ ہو گیا ہے۔
یہ واقعہ پیر کی صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت راہول کی بیوی نیتو دہیا گھر میں کھانا بنا رہی تھی جبکہ راہول اپنی بیٹی وامیکا کو پارک لے کر گیا تھا۔
چند ہی دیر بعد وہ ٹاور 5 کی 23ویں منزل پر پہنچا اور مبینہ طور پر بیٹی سمیت چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، رہائشیوں نے فوری طور پر انہیں اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متوفی کے بھائی امیت کے مطابق راہول کی شادی 2014ء میں ہوئی تھی اور اس کی ایک 11 سالہ بیٹی بھی ہے۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ راہول کی کورونا کے دوران ایک آنکھ کی بینائی ختم جبکہ دوسری آنکھ کی نظر کمزور ہو گئی تھی جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی سے متعلق نوٹ برآمد نہیں ہوا جبکہ خاندان نے کسی قانونی کارروائی سے انکار کیا ہے۔
دوسری جانب پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ راہول نے اپنی رہائش گاہ کے بجائے دوسرے ٹاور سے چھلانگ کیوں لگائی۔