آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں میں مالی امداد چیک کی تقسیم

January 18, 2020

Your browser doesnt support HTML5 video.

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت مستحق فنکاروں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کیے ۔

منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اداکارہ ہمار ڈار، گلوکار ظہور احمد الیاس (سائیں ظہور)، اداکار محمد جاویدکوڈو اور اداکار ناصر شیرازی کو مالی امداد کے چیک دیئے۔

تقریب میں ارکان صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، مسرت جمشید چیمہ، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پلاک، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل، ڈی جی پی آر اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت کروڑ وں روپے جاری کر دیئے ہیں اور آئندہ مالی سال میں اس میں اضافہ کیا جائے گا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مستحق فنکاروں کی مدد کرنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی، ہم مستحق فنکاروں کا ہر سطح پر خیال رکھیں گے، حکومت فن و ثقافت کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ کسی بھی ملک کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے میں فنکار کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے، حکومت کی جانب سے مستحق فنکاروں کو ماہانہ مالی امداد بھی دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کی فہرست مرتب کر لی ہے، ہم مالی مشکلات کا شکار فنکاروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

تقریب میں فنکاروں کی جانب سے مالی معاونت پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ بھی ادا کیا گیا، فنکاروںکا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں مدد پر آپ کے شکر گزار ہیں۔