فرانس نے ملک میں مسلسل کم ہوتی شرحِ پیدائش کے پیشِ نظر والدین کے لیے تنخواہ سمیت اضافی چھٹی کا نیا قانون نافذ کر دیا ہے۔
صدر ایمانوئل میکرون کی حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے نئے قوانین کے تحت ماں اور باپ دونوں کو موجودہ چھٹیوں کے علاوہ ایک یا دو ماہ کی اضافی چھٹی (Parental Leave) مشترکہ طور پر استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔
نئے قانون کے مطابق اضافی چھٹی کے پہلے ماہ کے دوران والدین کو ان کی کُل تنخواہ کا 70 فیصد جبکہ دوسرے ماہ میں 60 فیصد ادا کیا جائے گا۔
یہ سہولت یکم جنوری 2026 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے بچوں کے والدین کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ بچوں کو گود لینے والے والدین بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اس سے قبل فرانس میں پہلے بچے کی پیدائش پر ماؤں کو تقریباً چار ماہ کی تنخواہ سمیت زچگی کی چھٹی جبکہ والد کو 28 دن کی چھٹی دی جاتی تھی۔
صدر ایمانوئل میکرون نے 2024 میں شرحِ پیدائش میں کمی اور بانجھ پن کے بڑھتے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ملک میں آبادی کے توازن کو بہتر بنانا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال، دوسری جنگِ عظیم کے بعد پہلی بار فرانس میں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد ملک میں ہونے والی اموات سے کم رہی۔
تاہم بعض خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس اصلاحات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنفی مساوات میں خاطر خواہ بہتری آنے کا امکان نہیں۔