چین کے جنوب مغربی علاقے چونگ چنگ میں واقع لیننگ کلف روڈ اپنی منفرد تعمیر، خطرناک راستے اور دلکش مناظر کی وجہ سے دنیا کی خطرناک اور قابل ذکر پہاڑی سڑکوں میں شامل ہوتا ہے۔
اس خطرناک سڑک کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے ہاتھ سے کھدائی کر کے بنایا گیا ہے اور یہ سطح سمندر سے 3 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ اسی لیے اس سڑک کو مقامی کمیونٹی کے عزم، محنت اور حوصلے کی ایک لازوال مثال کے طور پر جانا جاتا ہے۔
2001ء میں 23 گھرانوں پر مشتمل لیننگ کا چھوٹا سا گاؤں جہاں کے لوگوں کا دشوار پہاڑی راستے کی وجہ سے باہر کی دنیا سے رابطہ بہت مشکل تھا، انہوں نے پہاڑ کے کنارے ایک سڑک بنانے کا فیصلہ کیا تاکہ گاڑیوں کو گاؤں تک پہنچنے میں آسانی ہو۔
گاؤں کے لوگوں نے سڑک بنانے کا فیصلہ تو کر لیا لیکن راستہ بہت دشوار تھا اس لیے سڑک کی تعمیر کے لیے مشینری اس مقام تک نہیں پہنچ سکی، اس لیے پھر پورے راستے کو 1.2 کلومیٹر کے مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا اور گاؤں کے ہر گھر کے ذمے 1.2 کلومیٹر سڑک کی کھدائی کا کام لگایا گیا۔
اس وقت گاؤں کے تقریباً 80 رہائشیوں کے پاس جدید آلات خریدنے کے لیے وسائل کی کمی تھی، اس وجہ سے زیادہ تر سڑک کو لوہے کے چھینیوں اور ہتھوڑوں کی مدد ہاتھ سے کھدائی کر کے بنایا گیا۔