• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ سے قبل ایران کا امریکا اور اسرائیل کو انتباہ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ایران نے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ سے قبل امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی ممکنہ حملے یا جارحیت سے گریز کیا جائے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر علی عبداللہی نے ایک بیان میں کہا کہ ہم ایران کے دشمنوں، بالخصوص امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی قسم کی غلط اندازہ آرائی سے گریز کریں اور یہ بات ذہن میں رکھیں کہ ہمارے ملک کے خلاف کسی بھی خطرے یا جارحیت کا ہماری مسلح افواج سخت جواب دیں گی۔

ایرانی حکام کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی سرکاری طور پر نمازِ جنازہ کی تیاریاں جاری ہیں اور خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔

ادھر ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کے انتظامات سے متعلق حتمی صورتحال واضح نہیں۔

ایران کے صوبہ قم میں پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے ایک اعلیٰ کمانڈر نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کے جلوس کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے، تاہم متوقع ہجوم اور سیکیورٹی خدشات کے باعث حتمی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ تمام انتظامات منصوبے کے مطابق ہوں گے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق صوبہ قم میں پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر فتح اللّٰہ جمیری نے بتایا کہ نمازِ جنازہ کا جلوس مسجد جمکران سے شروع ہو کر حضرت فاطمہؓ کے روضے تک جانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نمازِ جنازہ کے جلوس کا مکمل روٹ موجود ہے لیکن عوام کی بڑی تعداد، شرکا کی آمد اور ٹریفک کی صورتحال کے باعث ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ عملی طور پر کیا صورتحال ہوگی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید