منشیات بحالی سنٹر میں نشہ کے عادی 3700افراد کا علاج کیا گیا

January 22, 2020

ملتان( لیڈی رپورٹر) سوشل ویلفیئر کے ادارہ منشیات بحالی سنٹر کی جانب سے اب تک نشہ کے عادی 3700 افراد کا علاج کیا جاچکا ہے،جنگ سروے کے مطابق 11 اکتوبر 2011 میں حکومت پنجاب کی جانب سے اس ادارہ کا افتتاح کیا گیا تھا اور یہ ادارہ پنجاب کے 4بڑے شہروں ملتان، لاہور، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں قائم کئے گئے تھے ،ایک اندازے کے مطابق منشیات بحالی سنٹر ملتان میں 2011 سے 2019 تک 3700 سے زائد مریضوں کا علاج کر کے ان کو زندگی کی طرف واپس لایا گیا ہے ، بحالی سنٹر کے ڈائریکٹر عبدالمالک نے بتایاہے کہ یہ ادارہ اب تک ہزاروں مریضوں کو زندگی کی طرف واپس لانے میں کامیاب ہوچکا ہے،ادارےمیں نہ صرف ان مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے بلکہ ان کو ٹیکنکل ٹریننگ بھی دی جاتی ہے ،حکومت پنجاب کی جانب سے ایسے مریضوں کے لئے گورنمنٹ اور پرائیویٹ اداروں میں نوکری کا انتظام کرنے کے لئے آفیسر کی تعیناتی کا عمل بھی جلد کیا جائیگا، مریضوں کے لئے 3 ماہ پر مشتمل ٹریننگ کا آغاز اگلے ماہ سے شروع کیا جائیگا جس کے تمام اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی ، ہر سال 500 مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے جس میں 70 فیصد ایسے مریض ہوتے ہیں جوکہ ہیروئین کے نشہ کے عادی ہوتے ہیں،منشیات بحالی سنٹر میں اب تک 22 سٹاف ممبرز کام کر رہے ہیں۔