کراچی: کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے پرسنل پروٹیکٹیو ایکوپمنٹ فراہم

January 29, 2020

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پرسنل پروٹیکٹیو ایکوپمنٹ فراہم کر دیئے۔ یہ ایکوپمنٹ بدھ کو جناح اسپتال کراچی، ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اوجھا کیمپس، ایئر پورٹ اور سی پورٹ کے حوالے کیے گئے۔

عالمی ادارہ صحت کی سندھ میں نمائندہ ڈاکٹر سارہ سلیمان نے جنگ کو بتایا کہ محکمہ صحت سندھ نے جناح اسپتال کراچی اور اوجھا انسٹیٹیوٹ کو سندھ میں کورونا وائرس کے ممکنہ مریضوںکا مرکز بنایا ہے جبکہ ایئر پورٹ اور سی پورٹ پر ممکنہ مریضوںکا خدشہ ہے اس لیے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پرسنل پروٹیکٹیو ایکوپمنٹ ان اداروںکو فراہم کردیئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے خود کو محفوظ رکھنے والے طبی سامان میںٹائی ویک سوٹ، ہینڈ سینیٹائزر، فیس شیلڈز، فیس ماسک، سرجیکل گلوز اور گوگلز شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے، خود کو اور دوسرے کو محفوظ رکھا جائے اس لیے عوام بھی احتیاط کریں۔