کراچی: لاش برآمد، فائرنگ سے 1 زخمی، خاتون لٹ گئی

February 16, 2020

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آئے واقعات میں ایک مکان سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا، جبکہ ایک خاتون کو لوٹ لیا گیا۔

کلفٹن کے علاقے باتھ آئی لینڈ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 22 سالہ ہمایوں نامی شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دہلی کالونی میں واقع ایک مکان سے 2 روز پرانی 65 سالہ شخص کی لاش ملی ہے جسے پولیس نے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کے ذریعے مذکورہ شخص کی ہلاکت کا سبب جاننے کی کوشش کی جائے گی۔

ادھر کراچی کے علاقے سولجر بازار گارڈن ویسٹ میں خاتون سے مسلح تنہا موٹر سائیکل سوار ملزم نے لوٹ مار کی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، بلدیہ ٹاؤن میں فائرنگ سے ٹرانسپورٹر جاں بحق

تنہا موٹر سائیکل سوار ملزم نے بچی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں داخل ہونے والی خاتون کو اسلحے کے زور پر چوکیدار کے سامنے لوٹ لیا۔

یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مسلح موٹرسائیکل سوار ملزم نے بچی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں داخل ہونے والی خاتون کو روکنے کے لے اسلحہ دکھایا۔

اسلحہ دکھانے پر خاتون ڈر کر اپارٹمنٹ کے اندر بھاگی تو ملزم بھی خاتون کے پیچھے اپارٹمنٹ میں داخل ہوگیا جس نے اپارٹمنٹ کے گیٹ پر موجود چوکیدار کو اسلحہ دکھایا تو وہ ٹس سے مس نہ ہوا۔

ملزم خاتون سے موبائل فون اور نقد رقم چھین کر فرار ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، شادی میں ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

پولیس کے مطابق خاتون سے لوٹ مار کے ملزم تک سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مختلف علاقوں منگھوپیر، سلطان آباد، لی مارکیٹ اور کھارادر سمیت دیگر علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔

کامبنگ آپریشن کے دوران ان علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی جس کے دوران 16 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔