پی پی کی مسئلہ کشمیر سے نظریاتی وابستگی ہے، چوہدری شاہنواز

February 20, 2020

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) پاکستان پیپلز پارٹی کی مسئلہ کشمیر کے ساتھ نظریاتی وابستگی ہے، قیادت سے لے کر کارکنوں تک یوم یکجہتی کے موقع پر تجدید عہد اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ شہید جمہوریت بینظیر بھٹو شہید نے 90 ویں کی دھائی میں جس دن کا آغاز کیا تھا، آج نہ صرف یہ قومی دن بلکہ ایک بین الاقوامی دن کی اہمیت اختیار کرچکا ہے۔ دنیا بھر میں یہ دن منانے سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلزپارٹی میڈلینڈ کے صدر چوہدری محمد شاہ نواز نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی شعبہ خواتین برطانیہ کی صدر انجم جرال، بیرسٹر صوفیا خان، مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر چوہدری جبار، تحریک انصاف کے رہنما چوہدری ساجد صدر پی پی برمنگھم قیوم راجہ ، جنرل سیکرٹری چوہدری ارشاد عزیز، ممبر فیڈرل کونسل چوہدری امین، ڈپٹی سیکرٹری راجہ خالد محمود، سینئر نائب صدر پی پی برمنگھم چوہدری شبیر چوہدری اسماعیل، ابو بکر اسماعیل، سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کوتلی چوہدری الیاس، وقاص گجر، صدر پی پی چوہدری رضا ودیگر بھی موجود تھے ۔چوہدری محمد شاہ نواز نے مزید کہا کہ بھارت آج دفاعی پوزیشن پر چلا گیا۔ سابق ایڈمنسٹریٹر چوہدری الیاس نے کہا کہ بھارت اپنے جنگی عزائم اور جارحانہ اقدامات کے ذریعے عالمی برادری کے سامنے بے نقاب اور عالمی دنیا میں تنہا ہوتا جارہا ہے۔ صدرشعبہ خواتین انجم جرال نے کہا کہ خواتین بھی اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے کرفیو کے خاتمے اور حتمی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گی۔ آخر میں عملی اظہار یکجہتی کیلئے علامتی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔