2 فروری 2016ء کو صومالیہ سے جبوتی جانے والی دالو ایئرلائنز کی پرواز 159 میں دورانِ پرواز خودکش دھماکا ہوا۔ حیران کُن طور پر اس واقعے میں صرف حملہ آور ہلاک ہوا جبکہ باقی تمام مسافر محفوظ رہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خودکش بمبار دھماکہ خیز مواد لیپ ٹاپ میں چھپا کر طیارے میں لے گیا تھا۔ دھماکہ ٹیک آف کے تقریباً 15 منٹ بعد 11 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوا، اس وقت کیبن مکمل طور پر پریشرائز نہیں تھا۔
دھماکے کے نتیجے میں ایئر بس A321 کی باڈی میں تقریباً ایک میٹر کا سوراخ ہو گیا اور بمبار ممکنہ طور پر دھماکے کے بعد طیارے سے باہر جا گرا جبکہ پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے طیارہ موغادیشو واپس اتار لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی تھی۔
دوسری جانب دالو ایئرلائن کے حکام کا بتانا تھا کہ بمبار دراصل ترک ایئرلائنز کی پرواز میں سوار ہونا چاہتا تھا جو منسوخ ہو گئی تھی، بعدازاں مسافروں کو دالو ایئرلائنز میں منتقل کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق مئی 2016ء میں صومالی فوجی عدالت نے حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث دو افراد کو عمر قید جبکہ دیگر ملزمان کو مختلف مدت کی سزائیں سنائی تھیں۔