امریکا میں ایک ہرن نے پولیس کی دوڑیں اس وقت لگوا دیں جب وہ دن دہاڑے کھڑکی توڑ کر بینک کے اندر داخل ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کی مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ لانگ آئی لینڈ کے علاقے رج میں واقع ویبسٹر بینک میں جنگلی ہرن کے کھڑکی توڑ کر داخلے پر افراتفری مچ گئی مچ گئی۔
مقامی پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں اس غیر معمولی واقعے کی تفصیلات سامنے آئیں۔
سفوک کاؤنٹی کے پولیس افسران بینک میں چوری کے الارم بجنے پر موقع پر پہنچے، جہاں انہیں ایک غیر متوقع مہمان کا سامنا کرنا پڑا۔
ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرن دفتر کے فرنیچر سے ٹکراتا، میز کے اوپر سے چھلانگیں لگاتا رہا اور فرار کی کوشش میں کاغذات بکھیرتا رہا۔
ایک موقع پر ہرن ایک کیوبیکل میں پھنس گیا، جس کے بعد پولیس افسران نے انتہائی احتیاط سے اسے سینگوں سے پکڑ کر باہر کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔
کئی لمحوں کی جدوجہد کے بعد پولیس نے رسی کی مدد سے ہرن کو قابو میں کیا اور بحفاظت عمارت سے باہر نکال دیا۔
حکام کے مطابق اتوار ہونے کے باعث بینک میں عملہ اور کسٹمرز موجود نہیں، تاہم اس دوران بینک کا الارم مسلسل بجتا رہا، جس سے صورتحال مزید سنسنی خیز ہو گئی۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ لانگ آئی لینڈ میں اس نوعیت کے واقعات پہلے بھی پیش آ چکے ہیں۔ اکتوبر 2019 میں ایک ہرن نے بیوٹی سیلون کی کھڑکی توڑ کر اندر گھسنے کے بعد ایک گاہک کو زخمی کر دیا تھا۔