• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل ایران پر حملے کا موقع تلاش کر رہا ہے، ترکیے کا کشیدگی بڑھنے کا انتباہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ترک وزیرِ خارجہ حاقان فدان نے کہا ہے کہ ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ اسرائیل ایران پر حملے کا موقع تلاش کر رہا ہے جو خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف لے جا سکتا ہے۔

ترک نشریاتی ادارے ’این ٹی وی‘ کو انٹرویو کے دوران حاقان فدان نے کہا کہ امید ہے اسرائیل کوئی اور راستہ اختیار کرے گا تاہم حقیقت یہ ہے کہ خاص طور پر اسرائیل ایران پر حملے کے لیے حالات کا جائزہ لے رہا ہے۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اِن کا یہ اندازہ زیادہ تر اسرائیل کے حوالے سے ہے نہ کہ امریکا کے۔

وزیرِ خارجہ حاقان فدان نے مزید کہا کہ حالیہ دورۂ تہران کے دوران اُنہوں نے ایرانی قیادت کو بطور دوست اپنے خدشات سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دوست کڑوا سچ بھی کہہ سکتا ہے۔

اس بیان سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا تھا کہ ترکیہ ایران میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کے خلاف ہے اور ہمسایہ ملک کے امن و استحکام کو اہمیت دیتا ہے۔

دوسری جانب ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ ایران اپنے دشمنوں کی جانب سے کسی بھی حملے کو ’مکمل جنگ‘ تصور کرے گا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا نے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ امریکی فوجی سرگرمیوں کے پیش نظر ایران ہائی الرٹ پر ہے اور کسی بھی قسم کے حملوں کا، چاہے وہ محدود ہو یا وسیع، سخت جواب دیا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید