خان صاحب ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں ‘اگر ریاست مدینہ بن گئی تو مہاجر حکمراں بن جائیں گے،انورمقصود

February 27, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) عالمی شہرت یافتہ مزاح نگار‘ اسکرپٹ رائٹر اورفنکار انورمقصود نے حیدرآبادمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں ‘اگر ریاست مدینہ بن گئی تو مہاجر حکمراں بن جائیں گے یہ وہ نہیں جانتے‘ انہوںنے مہاجروں کو مشورہ دیا کہ وہ خود کو پاکستانی کی حیثیت سے متعارف کرائیں ۔ گذشتہ شب مہران آرٹس کونسل میں بزم آرائش اردو کے زیراہتمام یوم نفاذ اردو کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے انور مقصود کے علاوہ کراچی آرٹس کونسل کے صدر احمدشاہ‘ مزاح نگار وڈرامہ نگار عشرت علی خان‘ رکن قومی اسمبلی صابرحسین قائم خانی ودیگرنے خطاب کیا۔ انورمقصود نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ایم کیوایم اچھی جماعت تھی لیکن اب پنجابی ہوگئی ہے اس لئے کہ یہ اب بٹ گئی ہے اوربٹ پنجابی ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب بھی ایم کیوایم میں اچھے لوگ ہیں لیکن شعر کوئی صحیح نہیں پڑھ سکتا‘ میری ان سب سے دوستی ہے بس یہ کہہ رہاہوں کہ مہاجر لفظ نکال دیں اور صرف خود کوپاکستانی کہیں تو ہم بہت آگے جاسکتے ہیں ۔