ٹائلز سے اپنے گھر کو نیا روپ دیں!

March 12, 2020

آپ کا گھر آپ کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے اور گھر کی ہر ایک چیز آپ کی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔ آجکل صرف خاتونِ خانہ ہی نہیں بلکہ گھر کے سبھی افراد اس کو قرینے و سلیقےسے رکھنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اس کے ساتھ تزئین و آرائش کیلئے نت نئے آئیڈیاز کی تلاش میں بھی سرگرداںنظر آتے ہیں۔ اگر آپ اپنے گھر میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے گھر میںلگے ٹائلز پر ایک نگاہ ڈالنی ہوگی۔ جی ہاں، ٹائلز واقعی آپ کے گھر کو تبدیل کرسکتے ہیں۔

استحکام کے حوالے سے ٹائلز بہترین مٹیریل سمجھا جاتا ہے۔ ٹائلز کی بہت ساری اقسام موجود ہیں، جن کی مدد سے آپ گھر کا پورا منظر نامہ تبدیل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاہ ٹائلز کے پیٹرن، قدرتی یا مصنوعی رنگوں، سائز اور گھر کے مقامات کے لحاظ سے آپ کو لامحدود آپشنز دستیاب ہو جاتے ہیں۔

لاؤنج

اپنے مہمانوںکو متاثر کرنے کے لیے آپ لائونج میں مختلف رنگوں کے امتزاج والے ٹائلز لگاسکتے ہیں۔ سیاہ اور سفید ٹائلز کا حسین امتزاج آپ کےلائونج کو منفرد بناسکتا ہے۔ کریمی رنگ کے ٹائلز پر مشتمل دلکش دیواریں اور فرش بھی عمدہ ذوق کی علامت ہیں۔ لاؤنج میںرکھی کافی ٹیبل کا جدید ڈیزائن اس جگہ کی خوبصورتی بڑھا سکتا ہے۔لائونج کے فرش کے لیے ماربلز کی ٹائلز استعمال کی جاسکتی ہیں۔

بچوں کا کمرہ

بچوںکے کمروںمیں شوخ و چنچل رنگوںکی تھیم یا بولڈ رنگ والے ٹائلز لگانے سے ایک نئی رونق آجاتی ہے۔ بچوں کے لیے بھی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا یہ بہترین موقع ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنے بیڈروم میں مزید لطف اٹھاتے ہیں۔ ٹائلز کے لیے انتہائی شوخ اور خوبصورت رنگ یا پیٹرنز تلاش کریں، ان سے آپ کے بچوںکے ذہن پر عمدہ اثر پڑے گا اور ا ن کے تخیل کو وسعت ملے گی۔

زینہ

اگر اوپر کی منزل تک لے جانے والی سیڑھیاں عمدہ ٹائلز سے مزین ہوںتو پورے گھر کی دلکشی میں بے پناہ اضافہ ہوتاہے۔ اگر یہ سنگ مرمر اور شیشے سے بنی ہوں تو پورا گھر ایک بہت ہی پرتعیش اور خوبصورت احساس پیدا کرتا ہے۔

کچن

اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کا کچن آپ کے گھر کا دل ہوتاہے۔ کچن میںلگے ٹائلز اس کی دلکشی اور خوبصورتی میںزبردست کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر کچن کے ٹائلز شوخ رنگ کے ہوں اور ان سے زندہ دلی جھلکے تو تمام تاثر خوشنما لگتا ہے۔ رنگا رنگ اور تخلیقی ٹائلز لگانے سے نہ صرف ایک دیدہ زیب کچن کا حصول آسان ہو جاتا ہے بلکہ یہ آپ کے بجٹ میںبھی آجاتے ہیں۔ مزید یہ کہ ٹائلزبہت پائیدار ہوتے ہیں انہیں بھاپ ، دھوئیں یا تیل کے چھینٹوںسے بھی نقصان نہیں پہنچتا۔ ٹائلز کو صاف کرنا بھی بہت آسان ہوتا ہے، عموماً اس میں زیادہ محنت نہیں لگتی۔ ان کی صفائی کے لیے تھوڑا سا صابن یا سرف استعمال کریں، یہ پھر سے چمکنے لگیں گے۔

فرش

اس بات کو یقینی بنائیں کہ کچن کے فرش کیلئے استعمال کیے جانے والے ٹائلزا س کی شیلفس اور کیبنٹس کے رنگوں اور مٹیریل سے مطابقت رکھتے ہوں۔ دراصل کچن کی تزئین و آرائش کرتے وقت ہم فرش کو نظر انداز کردیتے ہیں حالانکہ چمکتے خوبصورت نمونوں سے مزین ٹائلز کچن کو ایک بھرپور انداز دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ صفائی میں آسانی کی وجہ سے آپ کو فرش پر پھیلنے والی کسی بھی چیز کی فکر کرنے کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔

ہر کمرے کا منفرد فرش

گھروں کو ڈیزائن کرنے کا ایک بہت ہی جدید طریقہ یہ ہے کہ اس کیلئے ’اوپن پلان ‘ کا انتخاب کریں۔ تاہم اپنے گھر کے ہر کمرے کے فرش میںالگ اور منفرد ٹائلز یا مٹیریل استعمال کریں، جیسے ڈائننگ روم یاکچن کیلئے ٹائلڈ فرش جبکہ دوسرے کمروں میں لکڑی کا فرش یا ماربل استعمال کریں۔

باتھ روم

باتھ روم کا خوبصورت اور صاف ستھرا ہونا بہت ضروری ہے۔ اس کی دیواریں عمدہ ٹائلز اور مختلف رنگوں کے دلکش امتزاج سے شاندار اسٹائل میں بنوائی جاسکتی ہیں۔ چمکدار اور جاذبِ نظر ٹائلز کے علاوہ گہرے رنگوں کے حسین ملاپ کی صورت موڈ کو بہتر کرنے والا ڈیزائن آجکل کافی مقبول ہے۔ باتھ روم میںخوبصورت سفید رنگ کے ٹائلز کے ساتھ فیروزی رنگ کمال دلکشی دکھاسکتاہے۔

ہوم آفس

ہوم آفس کے بارے میں ہم کچھ منفرد نہیں سوچتے، جس کے باعث وہ بور نگ لگنے لگتاہے۔ اگر آپ اپنے ڈرائنگ روم یا لیونگ روم کو ’کارنر آفس‘ کار نگ دینے والے ہیںتو پھر اس جگہ کو دیدہ زیب اور فنکشنل بنا نا ہوگا۔ کارنر آفس میںاستعمال ہونے والی کیبنٹس، درازوں اور مولڈنگ کو سفید رنگ کے ذریعے نفاست دی جاسکتی ہے۔

مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ کچھ رنگ ہماری توجہ اور تخلیقی صلاحیتوں پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ دیوار یا فرش کے لیے ٹائلز کے دیدہ زیب پیٹرنز ہوم آفس کو خوبصورت بناسکتے ہیں، اس طرح آپ کو ارتکاز توجہ میں مدد بھی ملے گی۔