سندھ فٹبال کے معاملات کیلئے کمیٹی کی تشکیل

March 24, 2020

پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے سندھ فٹ بال کے معاملات چلانے کیلئے پانچ رکنی ٹیم کا اعلان کیا۔ کمیٹی نے اپنے اجلاس میں پہلے چیئرمین خواجہ عبید الیاس کیا اور اس کے بعد اعزازی جنرل سیکرٹری کے طور پر ریاض احمد کو چنا گیا۔ سندھ فٹ بال کی کمیٹی مکمل ہونے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن کی جنرل سیکرٹری مینزے زینلی نے سندھ فٹبال ایسوسی ایشن (نارملائزیشن کمیٹی) کیلئے خواجہ عبید الیاس کو چیئرمین اور ریاض احمد کی جنرل سیکرٹری شپ کا باضابطہ خط جاری کیا۔ خواجہ عبید الیاس سابق فٹبالر اور ملک میں قائم فلاحی تنظیم امن فائؤنڈیشن میں بھی ڈائریکٹر اسپورٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ریاض احمد نیشنل فٹبالر، نیشنل ریفری، فٹبال آرگنائزر کی حیثیت سے جانے پہچانے جاتے ہیں۔ 1973ء میں نیو آزاد فٹبال کلب نارتھ کراچی کی جانب سے ڈسٹرکٹ ویسٹ جنرل لیگ کھیل کر اپنے فٹ بال کیریئر کا آغاز کیا۔ 1978ء میں یوپی جیم خانہ فٹبال کلب نارتھ کراچی کو جوائن کیا بعدازاں کلب سیکرٹری کے عہدے پر بھی رہے۔ انہیں 1985ء میں پہلی بین الصوبائی چیمپئن شپ میں فیصل آباد کی فاتح حبیب بینک کی جانب کھیلنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا ہے۔

1991ء فیفا فیوٹورو کورس بالترتیب لاہور اور کراچی میں بحیثیت نیشنل ریفری اور ایڈمنسٹریشن کورس میں شرکت کی اور کراچی یونائیٹڈ فٹبال لیگ 14سال تسلسل کے ساتھ منعقد کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ گذشتہ تین سال سے لیژر لیگز پاکستان لمیٹڈ کے ساتھ بحیثیت لیگز اور میڈیا منیجر منسلک ہیں اور پاکستان کے 78سے زائد شہروں میں ریجنل منیجرز کے ہمراہ لیژر لیگز کے مقابلے منعقد کرا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی ریاص احمد نے سندھ کی فٹ بال میں اپنا کردار انجام دیا ہے۔ جنرل سیکرٹری بننے کے بعد ریاض احمد نے نارملائزیشن کمیٹی سندھ کے ممبران سے اظہار تشکر اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہے کہ ان پر جو اعتماد کیا گیا ہے وہ اس پر ہرممکن پورا اترنے کی کوشش کریں گے اور بلاتخصیص کھیل کی خدمت کریں گے۔ فٹ بال سب کیلئے میرا نعرہ ہوگا اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن جو بھی ہدایت دے گا اسے بجالانے کی کوشش کریں گے۔

سندھ فٹ بال کے چیئرمین خواجہ عبید الیاس نے کہا ہے کہ میری کوشش ہوگی کہ سندھ فٹ بال کا کھیل آگے بڑھے، میرے پاس وقت مختصر ہے لیکن کوشش ہوگی کہ مجھے جو ٹاسک دیا گیا ہے اسے پورا کروں۔ فیفا نارملائزیشن کمیٹی نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے سندھ بھر کے کلبوں کی اسکروٹنی سمیت دیگر امور اور انتخابات تک کسی کو شکایت کا موقع دیئے بغیر باہمی تعاون سے اپنے کام کروں گا۔ سندھ کے سابق صوبائی اور ضلعی آفیشلزکی جانب سے نارملائزیشن کمیٹی کے فیصلوں کو تسلیم نہ کرنے، مقامی فٹبال کلبوں کو نارملائزیشن کمیٹی کے خلاف اکسا نے اور متوازی ایسوسی ایشن بنانے کا نوٹس لیا جائے گا۔

اس کیلئے سیکرٹری سندھ ریاض احمد کو واضح ہدایت جاری کردی گئی ہیں کہ وہ ان معاملات کا فوری نوٹس لیں۔ سیکرٹری سندھ ریاض احمد نے چیئرمین کی ہدایت پر متوازی ایسوسی ایشن چلانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے مقامی فٹبال کلبوں کو ایک لیٹر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشنز تحلیل ہوچکی ہیں اور نارملائزیشن کمیٹی سندھ کو صوبائی جملہ امور کی انجام دہی کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔