راحت فتح علی خان کا چارلس کے کورونا میں مبتلا ہونے پر ہمدردی کا اظہار

March 27, 2020

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں صوفیانہ گائیکی کے جوہر دکھا کر پاکستان کا نام روشن کرنے والے استاد راحت فتح علی خان نے برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پرشان ہیں ہم سب کے لیے دعا گو ہیں۔واضح رہے کی راحت فتح علی خان کو جون 2019 میں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے صوفیانہ موسیقی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری دی گئی تھی۔ ان کے انٹرنیشنل ڈائریکٹر سلمان احمد نے بھی شہزادہ چارلس کے لیے اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں راحت فتح علی خان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جو ڈاکٹرز کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں میرا ان تمام شہداء کو سلام ہے۔ جمعے کو شام چھ بجے اپنے گھروں پر سفید جھنڈے لہرائیں اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کریں۔ راحت فتح علی خان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا اب تک کوئی علاج سامنے نہیں آیا۔لہٰذا احتیاط کریں اور ہاتھ بار بار دھوئیں۔ اپنے بچوں کا خاص خیال رکھیں۔ کپڑے صاف ستھرے رکھیں اور گھر میں رہیں۔احتیاط ہی کورونا کی موت ہے۔ میری رب کریم سے دعا ہے کہ وہ دنیا کو اس خطرناک وبا سے نجات دلائے، ساری کائنات کے مالک کے لیے کوئی بھی کام مشکل نہیں ہے، مشکل کی اس گھڑی میں اپنے رب کو دن رات یاد کریں اور ہم سب اپنے گناہوں سے توبہ کریں۔