سندھ کے ٹرینر نے شرجیل کو ٹریننگ پلان بھیج دیا

March 30, 2020

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) سندھ کے ٹرینر نے ٹیسٹ اوپنر شرجیل خان کو ٹریننگ کا پلان بھیجا ہے تاکہ وہ اپنی فٹنس پر توجہ دیں اور پاکستانی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار ہوسکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کی ایسوسی ایشن کے سینٹرل کنٹریکٹ پلیئرز کو فٹنس کا پلان بھیجا گیا ہے جس میں ٹریننگ کی ویڈیو بھی منسلک کی گئیں ہیں ۔پاکستان سپر لیگ کی کارکردگی کے بعد سندھ نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میں انہیں اپنی مین ٹیم میں شامل کیا تھا لیکن ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کے بعد شرجیل خان کو اپنے جوہر دکھانے کا موقع نہیں ملا۔وہ ان دنوں حیدرآباد میں ہیں اور لاک ڈائون کی وجہ سے اپنی ٹریننگ پر خود ہی توجہ دے رہے ہیں ۔ ون ڈے ٹورنامنٹ ملتوی کردیا گیا ہے البتہ ہفتے کو ملک کی چھ چھ فرسٹ کلاس اور نان فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے ٹرینرز نے اپنے کھلاڑیوں کو فٹنس پلان بھیج دیا ہے۔ شرجیل خان اسپاٹ فکسنگ کیس میں ڈھائی سالہ پابندی مکمل ہونے کے بعد کرکٹ کے میدانوں میں واپس آئے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں انھوں نے پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کی، ان کا اصل ہدف بین الاقوامی کرکٹ ہے۔ شرجیل خان کے لیے پاکستان سپر لیگ اگرچہ بہت زیادہ کامیاب نہیں رہی لیکن ڈھائی سال کرکٹ سے دور رہنے کے بعد انھیں جس اعتماد کی ضرورت تھی اسے وہ بڑی حد تک بحال کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں انھوں نے پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 74 رنز بنائے۔ شرجیل خان پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن میں مجموعی طور پر 16 چھکے لگانے میں کامیاب ہوئے جو کرس لِن اور شین واٹسن کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ چھکے تھے۔ سب سے زیادہ 23 چھکے بین ڈنک نے لگائے تھے۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے شرجیل خان کے بارے میں کہا تھا کہ وہ فٹ نہیں تھے اس فٹنس کے تحت انہیں پی ایس ایل نہیں کھلانا چاہیے تھا،انہیں قومی ٹیم میں آنے کیلئے مصباح الحق کی معیار کی فٹنس حاصل کرنا ہوگی۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل خان کو پروفیشنل کرکٹر ہونے کے ناتے سے اپنی فٹنس پر خود توجہ دینا چاہیے تھی ۔