میر جاوید رحمٰن کو سپرد خاک کردیا گیا

April 01, 2020

جنگ گروپ کے چیئرمین اور پبلشر میر جاوید رحمٰن کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کی گئی جس کے بعد انہیں سوسائٹی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

میر جاوید رحمٰن کی نمازِ جنازہ ان کی رہائش گاہ پر ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی جس کے بعد میر شکیل الرحمٰن، میر ابراہیم رحمٰن سمیت اہلِ خانہ میت کو سوسائٹی قبرستان لے کر پہنچے جہاںان کی تدفین کی گئی۔

(تصاویر: سہیل رفیق)

میر جاوید رحمٰن کے اہلِ خانہ نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کی وجہ سے مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں صرف خاندان کے لوگ شریک ہوں گے۔

اس موقع پر اہلِ خانہ نے درخواست کی تھی کہ مرحوم میر جاوید رحمٰن کے چاہنے والے نمازِ ظہر کے بعد ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کریں۔

واضح رہے کہ میر جاوید رحمٰن پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے، وہ کئی روز سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

میر جاوید رحمٰن کی قائدانہ صلاحیتوں سے جنگ گروپ نے صحافتی اقدار کی نئی جہتیں شروع کیں، کئی منازل طے کیں، مرحوم نے جنگ گروپ کو عوامی اعتبار اور پسندیدگی کی سند دلائی اور اپنی پوری زندگی صحافت کے مشن میں صرف کی۔