مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت، تپش اور گرم ہواؤں سے لوگ نڈھال، ٹھنڈی اشیا کا زیادہ استعمال

May 18, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر، روہڑی سمیت گرد و نواح کے علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی نہ آسکی، تپتی دھوپ اور گرم ہوائیں چلنے سے لوگ نڈھال ہوگئے، گرمی سے بچنے کے لئے لوگ کھانے و پینے میں ٹھنڈی اشیاء کا استعمال زیادہ کررہے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں کی طرح سکھر، روہڑی، صالح پٹ، کندھرا، سنگرار، علی واہن، اروڑ، بچل شاہ میانی، باگڑجی سمیت دیگر علاقوں میں بھی سورج کے تیور بدستور خطرناک ہے۔ دن بھر سورج کی تیز شعاعوں اور گرم ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت بہت بڑھ گئی ہے، کئی دنوں سے پڑنے والی شدید گرمی کی لہر نے عوام کو نڈھال کررکھا ہے، خاص طور پر دوپہر کو 12بجے سے لیکر شام 6بجے تک سورج کی تپش بہت زیادہ ہوتی ہے، سورج کی تپش اور گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے لوگ دوپہر کے وقت غیر ضروری کام کاج سے گریز کررہے ہیں اور اگر لوگ گھروں، دکانوں، دفاتر سے باہر نکل بھی رہے ہیں تو چہرے کو کپڑے سے ڈھانپ کر نکل رہے ہیں تاکہ گرمی اور گرم ہواؤں سے بچا جاسکے۔ دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوگ گرمی سے بچنے کے لئے ٹھنڈی اشیاء کا استعمال کررہے ہیں، بالخصوص روزے دار سحر و افطار میں دہی و دیگر ٹھنڈی اشیاء استعمال کررہے ہیں، ڈاکٹرز نے بھی لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گرمی سے بچنے کے لئے ٹھنڈی اشیاء کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔