کوروناکالر ٹیون کے پیچھے کس کی آواز؟

May 19, 2020

عالمگیر وبا کے کورونا کے دوران کورونا کالر ٹیون سے سب ہی آگاہ ہوں گے جس میں ایک خاتون کورونا وائرس سے حفاظت کے لئے ہدایات دے رہی ہیں ۔

سوشل میڈیا نے اس کالر ٹیون کے پیچھے چھپی آواز کو ڈھونڈ نکالا ہے، یہ آواز کراچی کی رہائشی سیدہ طیبہ سحر کی ہے ۔

کسی بھی نیٹ ورک کال ملانے کی صورت میں سنی جانے والی آواز سيدہ طيبہ سحر کی ہے جو بینکر اور گزشتہ 10 سال سے پروفيشنل وائس اوور آرٹسٹ ہيں۔

سیدہ طیبہ سحر کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ’ہم نے اس خیال کو سوچتے ہوئے کالر ٹیون ترتیب دی کہ پاکستان میں بہت سے لوگوں کو سوشل میڈیا یا ٹیلی ویژن تک رسائی حاصل نہیں ہے تاہم ملک کے کونے کونے تک کورونا کی حفاظتی تدابیر کو پہنچانے کے خیال کے پیش نظر کورونا کالر ٹیون ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ احتیاطی تدابیر خود کو محفوظ رکھنے کے لیے اہم ہیں، انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے خود کی حفاظت انتہائی ضروری ہے کیونکہ اگر ہم خود کی دیکھ بھال نہیںکریں گے تو دوسروں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

سحر ناصرف ایک قابل وائس اوور آرٹسٹ ہیں بلکہ نجی زندگی میں ایک قابل فخر بیوی اور ماں بھی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کالر ٹیون کی وجہ سے لوگوں نے انہیں بہت سے ناموں سے پکارنا شروع کردیا ہے جن میںسب سے زیادہ مشہور‘ کورونا باجی ’اور’ کورونا والی باجی ‘ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کالر ٹیون پر انہیں نہایت مثبت ردعمل ملا ، طیبہ کا کہنا تھا کہ ايک آواز بار بار سننے سے لوگ تنگ بھی ہوتے ہيں لیکن یہ سمجھنا ضروری ہے کہ ان ہدیات پر عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔