جیسن ڈی رولو کو ڈرل مشین میں بھٹہ لگا کر کھانا مہنگا پڑ گیا

May 23, 2020

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی گلوکار کو ڈرل مشین میں بھٹہ لگا کر کھانے کا چیلنج مہنگا پڑ گیا مگر اُن کے مداحوں کا کہنا ہے کہ جیسن ڈی رولو نے ویڈیو میں ڈرامے بازی کی ہے۔دی سن کی رپورٹ کے مطابق امریکی گلوکار اور گانے کے بول لکھنے والے جیسن ڈی رولو نے ڈرل مشین میں بھٹہ لگا کر اُسے کھانے کا چیلنج قبول کیا اور اپنی ویڈیو بنائی۔گلوکار نے یہ ویڈیو اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ ’آپ لوگ اس کام کی کوشش نہ کیجئے گا‘۔ انہوں نے ساتھ میں تین دکھی ایموجیز بھی بنائے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسن نے ڈرل مشین میں بھٹہ لگایا اور پھر بٹن دبا کر اسے اسٹارٹ کر کے بھٹہ کھانے کی کوشش کی۔ایک موقع پر ویڈیو رکی اور گلوکار نے اپنا منہ کھول کر دکھایا تو اُن کے آگے کے دو دانٹ ٹوٹ گئے تھے۔اس ویڈیو کو اب تک 15 لاکھ سے زائد صارفین دیکھ چکے ہیں جن میں سے متعدد صارفین نے اسے ڈرامے بازی قرار دیا اور لکھا کہ اگر اُن کے دانت بھٹہ کھانے کے دوران ٹوٹے تو خون کیوں نہیں نکلا۔گلوکار کے مداحوں کا ماننا ہے کہ جیسن نے یہ پرینک یعنی مزاحیہ ویڈیو بنائی جس کے ذریعے لوگوں کو پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ وہ اپنے گھر پر اس طرح کی حماقت نہ کریں۔