عملہ اور مشینری کی کمی ‘ غیرقانونی تعمیرات روکنا مشکل

May 28, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے) آر ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول و ٹائون پلاننگ میں فیلڈ سٹاف کی کمی اور مشینری کی عدم موجودگی کے باعث غیرقانونی تعمیرات کو روکنا مشکل ہو گیا۔ آرڈی اے کے شعبہ بلڈنگ حکام کے مطابق فیلڈ سٹاف کی 22سیٹوں کے برعکس صرف سات انسپکٹر کام کر رہے ہیں جبکہ گیارہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے مقابلے میں صرف دو کام کر رہے ہیں، اس شعبہ کو ہر سال فیسوں کی وصولیوں کے اہداف تو دے دیئے جاتے ہیں مگر خالی پوسٹوں پر ملازمین کی بھرتیوں اور شعبہ بلڈنگ کنٹرول کیلئے مشینری کی خریداری کیلئے آرڈی اے انتظامیہ کچھ نہیں کر رہی ۔ آرڈی اے کے دیگر شعبوں میں گاڑیوں اور فیول کا قواعدو ضوابط کے برعکس استعمال جاری ہے۔ گریڈ سترہ کے وہ افسر جو دفتر سے باہر بھی نہیں نکلتے، انہیں صرف گھر سے دفتر اور دفتر سے گھر جانا ہوتا ہے وہ بھی گاڑیوں کا استعمال کر رہے ہیں مگر فیلڈ سٹاف پیدل ہے جنہیں پچاس کلومیٹر تک پرائیویٹ ٹرانسپورٹ میں اپنی جیب سے رقم خرچ کر کے سفر کرنا پڑتا ہے۔