وزارت داخلہ کے غیر حاضر ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کا عندیہ

May 29, 2020

کراچی (اسد ابن حسن) وزارت داخلہ نے اپنے تمام ماتحت اداروں اور ڈپارٹمنٹس کے ملازمین کا دفتر نہ آنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تنبیہی حکمنامہ جاری کیا ہے اور سخت تادیبی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن خورشید احمد نے ایک مراسلہ نمبر 14/2/2020-A1 جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ اس کے ماتحت اداروں اور ڈپارٹمنٹس کے افسران اور ملازمین 20 مارچ سے 28مئی تک کورونا کے تناظر میں اپنے دفاتر نہیں آرہے اور ہدایت کے مطابق وہ اپنے موبائل فون بھی بند رکھتے ہیں یا اٹینڈ ہی نہیں کرتے جس سے دفتری معاملات بری طرح متاثر ہورہے ہیں، لہٰذا تمام اداروں کے سربراہ ایسے ملازمین کی فہرست ترتیب دے کر وزارت کو روانہ کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے اور ایسے ملازمین کو غیرحاضر تصور کرتے ہوئے ان کی غیر حاضری کو بغیر تنخواہ کے ای او آئی رخصت تصور کیا جائے گا۔