دُنیا میں کتنے غم ہیں (افسردہ اور اُداس کہانیاں)

July 05, 2020

متّرجم: ابوالفرّح ہمایوں

صفحات: 200،قیمت: 600 روپے

ناشر:رنگِ ادب پبلی کیشنز، اُردو بازار،کراچی۔

ابوالفرّح ہمایوں تصنیف و تالیف سے اس صُورت وابستہ ہیں کہ کبھی طنز و مزاح پر مبنی تحریروں کے ساتھ سامنے آتے ہیں،تو کبھی طبع زاد کہانیاں لیے ادب کے قارئین کی دِل بستگی کا سامان کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہی نہیں، اُن کا اختصاصی میدان شاید ترجمہ نگاری ہے۔وہ عالمی ادب سے کتنی ہی کہانیوں کا ترجمہ کر کے ادب دوستوں کی خدمت میں پیش کرچُکے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب ’’دُنیا میں کتنے غم ہیں‘‘ بھی عالمی یا غیر مُلکی کہانیوں کے تراجم پر مشتمل ہے۔

تاہم ابوالفرح ہمایوں نے اس کتاب کے لیے عالمی ادب سے جن کہانیوں کا انتخاب کیا، اُس کے لیے اُنہوں نے ’’افسردہ اور اُداس کہانیاں‘‘ کا ذیلی عنوان منتخب کرنا بھی مناسب سمجھا ہے۔ ترجمہ کرنا کوئی ’’کارِ آساں‘‘ نہیں اور اچھا اور رواں ترجمہ تو ’’کارِ دُشوار‘‘ کی منزلوں کا تقاضا کرتا ہے،تاہم کتاب کے متّرجم ان تمام منازل سے بہت مہارت سے گزرے ہیں۔