اسمارٹ لاک ڈاؤن سے کورونا پھیلاؤ میں کمی آئی ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

July 03, 2020

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ مختلف وجوہات کی بنا پر کورونا کی تیزی میں کمی آرہی ہے، کورونا کے پھیلاؤ میں کمی کا مطلب خطرہ ٹل جانا نہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی تیزی میں کمی کی ایک بڑی وجہ اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد میں بہتری بھی کورونا کی کمی کی وجہ ہے، ایس او پی پر عمل کیلئے ملک بھر میں جرمانے اور ایکشن کورونا کو کم کرنے میں مدد دے رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عید الاضحٰی ہمارے لیے کورونا کے حوالے سے بڑا مرحلہ آرہا ہے، عیدالاضحٰی پر اجتماعی قربانی کو ترجیح دی جائے، اجتماعی قربانی سے لوگوں کا قربانی میں ایک جگہ ملنا کم ہوجائے گا، عیدالفطر پر ہونے والی غلطیوں سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ این سی او سی نے وزارت مذہبی امور، وزارت صحت اور علما کےساتھ مل کر عید پر ایس او پی بنایا ہے، عیدالاضحٰی پر ایس او پی پر عمل یقینی بنائیں گے۔