جسمانی ورزش سے قبل ازوقت موت کے خدشات کم

July 05, 2020

لندن (پی اے) زیادہ جسمانی ورزش کے ذریعے قبل از وقت موت کے خدشات کم کئے جا سکتے ہیں۔ ایک نئی سٹڈی میں مشورہ دیا گیا ہے کہ لوگوں کو ہر ہفتہ مزید جسمانی ورزش کی کوشش کرنی چاہئے تاکہ موت کے خدشات کم کئے جا سکیں۔ نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایسے افراد جو ہر ہفتہ تجویز کردہ سطح پر جسمانی ورزش کرتے ہیں ان میں غیر متحرک افراد کے مقابلے میں قبل از وقت اموات کے خدشات میں 40 فیصدکمی ہو جاتی ہے۔یہ سٹڈی ایسے وقت کی گئی ہے جب مزید ریسرچ میں تصدیق کی گئی ہے کہ نارمل سے زائد وزن والے افراد میں کوویڈ۔19 وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں موت کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں۔ سٹڈی کے مصنفین نے کہا ہے کہ ہماری سٹڈی رپورٹ لوگوں کیلئے ایک قوت متحرکہ ہونی چاہئے کہ وہ موجودہ وبا کے دوران زیادہ متحرک رہیں اور اچھی خوراک کا استعمال کریں۔ یہ ریسرچ جس میں بتایا گیا ہے کہ ہر ہفتہ تجویز کردہ سطح پر جسمانی ورزش کرنے والے افراد میں قبل از وقت اموات کے خدشات میں کمی ہو جاتی ہے، اس میں 479000 سے زائد امریکی بالغان کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا گیا تھا۔ بی ایم جے میں شائع ہونے والی سٹڈی میں شرکا کے اعدادوشمار کا تقریباً 9 سال تک جائزہ لیا گیا تو پتہ چلا کہ ان میں سے تقریباً 60000 اموات ہوئی ہیں۔ جن افراد کے اعدادوشمار کا جائزہ لیا گیا تھا ان میں سے صرف 16 فیصد نے تجویز کردہ جسمانی ورزشیں کی تھیں۔ امریکہ میں 1918 میں اعتدال کے مطابق ورزش کیلئے 150 منٹ کی سفارش کی گئی تھی جبکہ ہر ہفتہ دو یا زائد دن 75 منٹ کی سخت ورزش تجویز کی گئی تھی۔ یہ این ایچ ایس کی گائیڈنس کے مساوی ہے جس میں لوگوں سے روزانہ جسمانی طور پر متحرک رہنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ بی ایم آئی اور کوویڈ۔19 کے خدشات پر مزید ریسرچ گلاسگو یونیورسٹی کی جانب سے بھی شائع ہوئی ہے۔اس ریسرچ میں 4855 شرکا کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 839 کے ٹیسٹ مثبت آئے اور 189 انتقال کر گئے۔ تحقیقی ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ بی ایم آئی کا کورونا مثبت ٹیسٹ سے مضبوط تعلق ہے اور کوویڈ۔19 سے متعلقہ اموات کے خدشات زیادہ ہیں۔