قومی بیانیہ پیغام پاکستان پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے‘ علماء

July 07, 2020

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) تمام مسالک کے علماء کرام نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کو پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے اور اسے قانونی شکل دی جائے تاکہ آئندہ کسی قسم کے فرقہ وارانہ واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ اس حوالے سے پیر نور الحق قادری نے کہا کہ پیغام پاکستان کے اہم حصوں پر قانون سازی کریں گے، کسی کو بھی حق حاصل نہیں ہو گا کسی کو کافر، واجب القتل قرار دے، ریاست اور حکومت پیغام پاکستان کے نفاذ کے حوالے سے کردار ادا کریگی۔ تمام مسالک کے علماء اور قائدین فساد اور فرقہ واریت پھیلانے والوں سے مکمل لاتعلقی اور بیزاری کا اعلان کریں کیونکہ تشدد کی کوئی بھی لہر امن کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ پیر کو پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انتشار اور تفرقہ بازی کی ہر کوشش ناکام بنا دی جائیگی۔ علماء کرام لوگوں کو امن اور محبت کا پیغام پہنچائیں۔ کانفرنس خطیب بادشاہی مسجد لاہور مولانا عبدالخبیر آزاد چیئرمین مجلس علماء پاکستان کی زیر صدارت ہوئی جس میں سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیر نقیب الرحمان‘ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ عارف حسین واحدی‘ مولانا فضل الرحمان خلیل‘ پروفیسر عبدالغفار شاہ بخاری‘ مولانا شمس الحق‘ علامہ سجاد حسین نقوی‘ مولانا تنویر احمد علوی‘ مفتی اسلم ضیائی، مولانا عبدالعزیز‘ مولانا عمر فاروق‘ مولانا عابد‘ صاحبزادہ عبدالبصیر آزاد‘ صاحبزادہ حافظ سید عبدالرازق آزادو دیگر شریک ہوئے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کی مقدس شخصیات کی عزت و ناموس ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے‘ تمام کا تقدس و تحفظ ہمارا ایمان ہے۔ کانفرنس کے ذریعے اخوت‘ محبت‘ رواداری‘ برداشت اور اتحاد کو مضبوط بنانے میں بہت مدد ملے گی۔