ہائیڈل پرافیٹ کی رائیلٹی بڑھا کر 40فیصد کیا جائے‘قومی جرگہ

July 07, 2020

پشاور (لیڈیرپورٹر)متاثرین ورسک ڈیم کے نمائندہ تنظیم خدمت گار قومی جرگہ کے رہنماوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین ورسک ڈیم کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جائے،نیٹ ہائیڈل پرافیٹ کی مد میں دی جانے والی رائیلٹی بڑھا کر 40فیصد کیا جائے۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جرگہ رہنماوں آرباب وقاص،سابق ڈسٹرکٹ جمعہ راز اور گلفام نے کہا کہ خدمت گار قومی جرگہ کے سالوں پر محیط جدوجہد کے نتیجے میں متعلقہ اداروں نے متاثرین ورسک ڈیم کے بنیادی مطالبات تسلیم تو کئے ہیں لیکن ہنوز مطالبات پر عملدرآمد میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔انہوں نے متاثرین ورسک ڈیم جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنے آباواجداد کی زمینیں ڈیم کے لئے وقف کئے ،آج گوناگوں مسائل کا شکار ہیں ،سیم وتھور کے باعث زمینیں قابل کاشت نہیں رہی،جبکہ سیلاب کا خطرہ الگ پیدا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ قربانیوں کے باوجود متاثرین ورسک ڈیم کو جائز حقوق نہیں دیئے جارہے، علاقے میں بجلی کی دن رات لوڈشیڈنگ جاری رہتی ہے، جس کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی متاثر ہورہے ہیں۔