کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے اور فوراً ناکارہ بنانے والا ایئر فلٹر ایجاد

July 09, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) ماہرین نے کورونا وائرس کیخلاف انتہائی موثر ایئر فلٹر تیار کر لیا ہے جو نہ صرف وائرس کو پکڑتا ہے بلکہ اسے فوری طور پر ناکارہ بھی بنا دیتا ہے۔ اس نئی ایجاد کے ذریعے بند جگہوں پر وائرس کے پھیلائو کو کم کیا جا سکتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ یہ ایئر فلٹر وائرس سے بچائو کیلئے استعمال کیے جانے والے ماسک میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مٹیریلز ٹوڈے فزکس نامی جریدے میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق، یہ ایئر فلٹر 99.8؍ فیصد تک کورونا وائرس کو ختم کرنے میں کامیاب رہا۔ اس فلٹر کو دیگر خوردبینی جراثیم پر بھی ٹیسٹ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ فلٹر Bacillus Anthracis نامی بیکٹیریا کو بھی پکڑنے اور اسے ناکارہ بنانے میں موثر ہے۔ یہ بیکٹیریا اینتھریکس کی بیماری پیدا کرتا ہے۔ جو بات اس فلٹر کو نمایاں بناتی ہے وہ یہ ہے کہ اسے کمرشل سطح پر دستیاب نکل فوم کو 200؍ ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کرکے بنایا گیا ہے۔ ٹیکساس سینٹر فار سپر کنڈکٹیویٹی (یونیورسٹی آف ہیوسٹن) کے ڈائریکٹر ژی فینگ رین نے بتایا کہ یہ ایئر فلٹر ہوائی اڈوں، طیاروں، تعلیمی اداروں، کروز بحری جہازوں، دفاتر کی عمارتوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ وائرس کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔