’’محترمہ فاطمہ جناح کی برسی پر ہماری مادر ملت کو سلام‘‘،عمران عباس

July 10, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شوبز انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار عمران عباس نے سوشل میڈیا پر محترمہ فاطمہ جناح کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انسٹاگرام پر اداکار عمران عباس نے محترمہ فاطمہ جناح کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’’محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر ہماری مادر ملت کو سلام‘‘۔اداکار عمران عباس کی اس پوسٹ کو ایک گھنٹے میں 14ہزار کے قریب مداحوں نے لائیک کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 53ویں برسی منائی گئی۔ تحریک پاکستان میں مادر ملت محترم فاطمہ جناح کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، آپ نے جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کے لیے برصغیر کی مسلم خواتین کو بیدار کیا اور انہیں منظم کرکے ان سے ہر اول دستے کا کام لیا۔مادر ملت کی ہی بدولت برصغیر کے گلی کوچوں میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی تحریک میں سرگرم ہوئیں۔ محترمہ فاطمہ جناح نے قیام پاکستان کے بعد مہاجرین کی آبادکاری جیسا اہم کام اپنی نگرانی میں انجام دیا اور ساتھ ہی انہوں نے ویمن ریلیف کمیٹی قائم کی اور پاکستان ویمن ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھی۔فاطمہ جناح کی خدمات کے عوض قوم نے آپ کو ’مادر ملت‘ اور ’خاتون پاکستان‘ کے خطاب سے نوازا۔محترمہ فاطمہ جناح پاکستان کی آزادی کی تحریک میں عملی طور اپنے بھائی قائداعظم محمد علی جناح کے مشن پر ان کے ساتھ رہیں، قائداعظم کے ساتھ طویل رفاقت کے باعث محترمہ فاطمہ جناح کے مزاج اور برتاؤ میں قائداعظم سے کافی مماثلت پائی جاتی تھی۔