نایا ریویرا جھیل کی سیر کے دوران لاپتا،ہلاک ہونے کا خدشہ

July 10, 2020

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف ہولی وڈ اداکارہ 33 سالہ نایا ریویرا 8 جولائی کو امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے قریب ایک جھیل میں سیر کرنے کے دوران لاپتا ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق نایا ریویرا 8 جولائی کو دوپہر کو اپنے 4 سالہ بیٹے کے ساتھ لاس اینجلس سے 45 میل دوری پر واقع پیرو جھیل کی سیر کرنے پہنچی تھیں۔

اداکارہ نے جھیل کی سیر کرنے کے لیے کرائے پر بوٹ حاصل کی تھی اور وہ بیٹے سمیت جھیل کی سیر کو نکلی تھیں۔حکام نے بتایا کہ اداکارہ کی بوٹ کے پاس سے ایک اور بوٹ گزری، جس نے بوٹ پر تنہا بچے کی موجودگی کی اطلاع دی اور جس پر ریسکیو کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

اداکارہ کے بچے نے ریسکیو حکام کو بتایا کہ ان کی والدہ جھیل میں نہانے کے لیے اتری تھیں، تاہم جھیل میں اترنے کے بعد وہ واپس نہیں آئیں۔حکام نے تصدیق کی کہ کرائے پر حاصل کی گئی بوٹ پر اداکارہ کو دیا گیا لائف سیونگ جیکٹ بھی ملا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ جیکٹ کے بغیر پانی میں اتریں یا حادثاتی طور پر گر گئیں۔

اداکارہ کو لاپتا ہوئے 24 گھنٹے کا وقت گزر چکا ہے اور انہیں 9 جولائی کی دوپہر تک نہیں تلاش کیا گیا۔

حکام نے تصدیق کی کہ گمشدہ ہونے والی خاتون اداکارہ نایا ریویرا ہی ہیں۔حکام نے اطلاع ملتے ہی 8 جولائی کی دوپہر کو ریسکیو آپریشن شروع کیا تھا، تاہم رات کو یہ آپریشن روک دیا گیا تھا اور پھر 9 جولائی کی صبح کو ریسکیو آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا گیا۔

ریسکیو حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اداکارہ ممکنہ طور پر ہلاک ہوچکی ہوں گی۔حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن کو 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود اداکارہ کو گہرے پانی میں بھی تلاش نہیں کیا جا سکا۔