عاصم اظہر پر گانے ’’جو نہ ملا‘‘ کی دھن چوری کرنے کا الزام

July 11, 2020

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف گلوکار عاصم اظہر پر سوشل میڈیا پر ان کے مقبول گانے ’’جو تو نہ ملا‘‘ کو چوری کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے۔عاصم اظہر کے 2018میں ریلیز ہونے والے گانے ’’جو تو نہ ملا‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی اور پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی اس گانے کی بے حد تعریف کی گئی تھی۔ بھارتی موسیقاروں نے عاصم اظہر کو اتنا خوبصورت گانا گانے پرخوب سراہا تھا۔ یا یوں کہہ لیں کہ اس گانے نے عاصم اظہر کی شہرت کو نئی اونچائیوں پر پہنچادیا تھا۔یہ گانا آج بھی بے حد مقبول ہے اور یوٹیوب پر اس گانے کو اب تک 107 ملین بار (17 کروڑ بار) دیکھا جا چکا ہے جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ تاہم یہ گانا اپنی ریلیز کے دو سال بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے اور الزام لگایا جارہا ہے کہ عاصم اظہر نے اس گانے کی دھن دراصل ایک جاپانی اینی میٹڈ فلم ’’کیکیز ڈیلیوری سروس‘‘ کے ٹائٹل سانگ سے چوری کی ہے۔