کورونا وائرس کے بعد !

July 26, 2020

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر وحکمران دبئی میٹرو 2020روٹ کے افتتاح کے موقع پر دبئی میں اسٹیشن پر موجود

متحدہ عرب امارات میں زندگی کی رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ دبئی اور دیگر ریاستوں میں سیاحتی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں۔ تمام تجارتی مراکز، ہوٹلز، پارکس، ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات کو کھول دیا گیا ہے۔ ساتھ ساتھ کورونا ٹیسٹ بھی کئے جارہے ہیں۔ 7جولائی سے متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈے بھی دنیا بھر کے تمام سیاحوں کے لئے کھول دیئے گئے ہیں ساتھ ہی غیرملکی سیاحوں کی آمد بھی شروع ہوگئی ہے۔

دبئی حکومت نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر دبئی میں آنے والے سیاحوں کی کچھ ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں کہ آنے والے سیاحوں کو پوری گرم جوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا جارہا ہے۔ سیاحوں کے علاوہ اقامتی ویزوں کے حامل افراد کے لئے بھی داخلہ کھول دیا گیا ہے۔ تاہم اقامتی ویزوں کے حامل افراد کے لئے محکمہ امیگریشن سے آن لائن اجازت نامہ یا اپروول حاصل کرنا لازمی ہے۔

تاہم امکانات ہیں کہ کچھ ہی دنوں میں اجازت نامہ حاصل کرنے کی شرط بھی ختم کردی جائے گی، لیکن کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ لازمی ہوگی۔ اس وقت بھی جو سیاح دبئی ایئرپورٹ پر پہنچ رہے ہیں امیگریشن حکام کی جانب سے ان کے پاسپورٹ پر ایک اضافی اسٹیکر بھی لگایا جارہا ہے جس پر خوش آمدید کے ساتھ یہ لکھا ہے کہ گھر سے دور اپنے دوسرے گھر میں خوش آمدید۔ اھلاً و سہلاً مرحبا خوش آمدید کا یہ اسٹیکر سات جولائی اور اس کے بعد آنے والے تمام سیاحوں کے پاسپورٹ پر لگایا جائے گا۔ اس کا مقصد غیرملکی ، رہائشیوں کی عزت افزائی کرنا مقصود ہے۔ اس کے ساتھ دبئی کے تمام سیاحتی مقامات کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت کھول دیا گیا ہے۔

دبئی ایئرپورٹ کی رونق بحال، ایئرپورٹ دبئی

مالز اور تجارتی مراکز کھلنے سے یہاں رش بڑھ گیا ہے لیکن ضابطوں پر پوری طرح عمل کیا جارہا ہے۔ حفاظتی لوازمات جیسے کورونا وائرس کے ٹیسٹ،ماسک، ہیلتھ اور قرنطینہ ڈکلیئریشن فارم وغیرہ کی شرائط بدستور موجود ہیں جن پر عمل کرنا تمام مسافروں کے لئے لازمی ہے۔ تاہم پاکستان جانے والے مسافروں کو اپنا کورونا ٹیسٹ پاکستان میں ہی کروانا ہوگا۔ دیگر ممالک کے شہریوں کے لئے یہ معاملہ ان کی مرضی پر چھوڑ دیا گیا ہے، چاہے وہ اپنے ملک میں فلائٹ سے پہلے ٹیسٹ کروائیں،چاہے دبئی پہنچنے کے بعد مگر اس میں فلائٹ میں سوار ہونے سے پہلے ٹیسٹ کروانا بہتر ہے، کیونکہ جو مسافر دبئی ایئرپورٹ پر ٹیسٹ کروائیں گے۔

رپورٹ آنے تک ان کو اپنی رہائش گاہ پر ہی علیحدگی میں رہنا ہوگا اور اگر رپورٹ مثبت آجاتی ہے تو 14دن قرنطینہ بھی کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سیاحوں کے پاس عالمی ہیلتھ انشورنس ہونا بھی لازمی ہے۔ امیگریشن حکام نے کچھ ممالک کی لسٹ جاری کی ہے کہ ان ممالک کے باشندوں کو ایئرپورٹ پر ہی 30یا 90دن کا ویزہ جاری کردیا جائے گا۔ میکسیکو کے شہریوں کے 6ماہ کے سیاحتی ویزے جاری کئے جارہے ہیں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے بھی 9جولائی سے متحدہ عرب امارات کے لئے فضائی آپریشن بحال کردیا ہے۔

قبل ازیں پی آئی اے یو اے ای میں پھنسے پاکستانیوں کو جانے کے لئے یکطرفہ پروازیں چلارہی تھی۔ اب پاکستان سے مسافر دبئی، شارجہ، ابوظبی کا بھی سفر کرسکیں گے۔ تمام مسافروں کو پرواز کی روانگی سے 48گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کروانا ہوگا اور یہ خاص لیبارٹری سے ہی حاصل کرنا ہوگا۔

حکومت دبئی نے ساتھ ساتھ سیاحوں کی سہولت کے لئے جاری شدہ منصوبوں پر بھی کام تیز کردیا ہے۔ یو اے ای کے نائب صدر ۔ وزیراعظم اور حکمران دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے میٹرو روٹ 2020کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر شیخ محمد نے اپنے خطاب میںکہا کہ پائیدار ترقی کی جانب یو اے ای کا سفر معیاری منصوبوں اور انفراسٹرکچر کے ساتھ جاری ہے۔جن کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ بین الاقوامی مہارت اور اماراتی صلاحیتوں سے مزین منصوبے اعلیٰ معیار کی زندگی اور خدمات کی فراہمی کے شعبہ میں اعلیٰ ترین عالمی معیار کے مطابق شیخ محمد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے غیرمعمولی اہداف اور عزائم ہیں۔

آج ہم اعتماد عزم اور ایک واضح نقطہ نظر کے ساتھ مختلف شعبوں میں اعلیٰ درجے کے حصول کی جانب آگے بڑھ رہے ہیںہمارا مقصد لوگوں کو وہ سب کچھ فراہم کرنا ہے جو ان کی فلاح و بہبود ، استحکام اور خوشی کو یقینی بنانے اورا ٓنے والی نسلوں کے لئے خوشحال مستقبل کی ضمانت ہو۔ شیخ محمد نے مزید بتایا کہ دنیا آج ایک ایسے نئے مرحلے میں داخل ہوررہی ہے جس سے بے شمار چیلنجز سامنے آرہے ، تاہم غیر متوقع چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک مستقبل کی تشکیل کے لئے ایک حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس میں مہارت کی ضرورت ہے۔ ہم اسی ترقی کو برقرار رکھتے ہوئے اور نئے مواقع پیدا کرتے ہوئے تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ منصوبہ دبئی میٹرو ریڈ لائن کی جبل علی سے ایکسپو 20؍اسٹیشن تک 15کلومیٹر کی توسیع شامل ہے۔ 11؍ارب درہم مالیت کا روٹ 2020 منصوبہ سے سات اسٹیشنوں کو باہم منسلک کیا گیا ہے جسے رواں سال ستمبر میں کھولا جائے گا۔

یہ منصوبہ میٹرو، ٹرام، بس اور سمندری ٹرانسپورٹ پر مشتمل ملٹی ماڈل ماس ٹرانزٹ سسٹم کے آر ٹی اے کے ماسٹر پلان کا حصہ ہے۔شیخ محمد نے ایکسپو 2020 اسٹیشن کی یادگار کی نقاب کشائی بھی کی۔ اس یادگار کو بین الاقوامی آرٹسٹ ایل سیڈ نے ڈیزائن کیا ہے۔ ٹیسٹ رن چار مراحل پر مشتمل ہے، پہلے ٹیسٹ میں میٹرو گاڑی ٹریک پر لائی جائے گی۔

مواصلات کے نظام خودکار طریقہ سے چلنے والے نظام، بجلی کے نظام، ایئرکنڈیشننگ، برقی آلات اور مختلف سب سسٹم ٹیسٹ کئے جائیں گے اس کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات نے ترقی و سائنس کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں اور مریخ کی جانب سفر جاری ہے۔ خلائی سیاحت کو متعارف کروایا جارہا ہے جو مستقل خلا میں پہلی پرواز کی جانب پیش رفت ہورہی ہے۔ اب خلائی سفر مختلف پس منظر کے لوگوں کے لئے بھی ممکن ہوسکے گا۔

کورونا بحران سے نکلنے کے بعد زندگی کی رعنائیاں اور ترقی کا سفر یو اے ای میں گامزن ہورہی ہے۔ کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے بعد سماجی سرگر میوں کی بحالی کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔ پاکستان سوشل سینٹر شارجہ اور دبئی ایسوسی ایشن کو بھی دوبارہ ممبران کے لئے کھول دیا گیا ہے۔

پاکستان سوشل سینٹر شارجہ
کے صدر چوہدری خالد حسین
مرکز کو ضوابط کے مطابق
کھولنے کے لئے پرعزم

مرکز شارجہ میں تمام سرگرمیوں کو حکومتی احکامات پر عمل کرتے ہوئے بحال کردیا گیا ہے۔ مرکز پاکستان شارجہ کے صدر چوہدری خالد حسین نے بتایا کہ یو اے ای حکومت نے جس طرح کورونا وائرس پر قابو پاکر ثقافتی و کاروباری سرگرمیوں کو بحال کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔

لائبریری، جم خانہ اور اسپورٹس کمپلیکس کو کھول دیا گیا ہے اور 30فی صد لوگوں کو آنے کی فی الحال اجازت ہے۔ چوہدری خالد حسین نے حکومتی اقدامات اور انتظامات کو سراہا۔