تیز بخار اورکھانسی پر فوری تنہائی اختیار کی جائے ،ڈاکٹر عامر خان

August 05, 2020

لندن (جنگ نیوز)ڈاکٹر عامر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ تیز بخار، کھانسی یا خوشبو اور ذائقہ محسوس نہ ہونے پر فوری طور پر تنہائی اختیار کرکے کورونا وائرس کا ٹیسٹ 119پر کال کرکے بک کیا جائے یا پھر nhs.uk/coronavirusپر بک کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات عید کے تہوار سے قبل حکومت کی تیار کردہ ایک ویڈیو میں بتائی کہ کس طرح تہوار کو محفوظ طریقے سے منایا جاسکتا ہے۔ عامر خان نے لوگوں کو یاد دلایا ہے کہ وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے اس لئے بڑے اجتماعات سے گریز کیا جائے، فی الحال دو گھرانوں کے افراد ہی مل سکتے ہیں اور گھر کے باہر چھ افراد تک جمع ہوسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ضیافتوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے اس لئے ہمیں ابھی احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنا ہوگا تاکہ وائرس کو دوبارہ پھیلنے کا موقع نہ ملے۔ڈاکٹر عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی صورت میں این ایچ ایس کی طرف سے رابطہ کئے جانے پر معاملات شیئر کریں کہ آپ کن افراد کے ساتھ رابطے میں رہے تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے اور دوست اور خاندان کے افراد بھی محفوظ رہیں۔ اس ضمن میں مزید معلومات درج ذیل لنک کے ذریعے بھی حاصل کی جاسکتی ہیں. gov.uk/coronavirus-worship-safelyڈاکٹر عامر خان قومی ٹی وی پر طبی مشورے دینے کے علاوہ مصنف بھی ہیں۔