پزا ایکسپریس کے67 ریسٹورنٹس کی بندش سے 1100 ملازمتوںکو خطرہ

August 05, 2020

لندن (پی اے) پزا ایکسپریس کا کہنا ہے کہ اس کے67 رسٹورنٹس کی بندش کی وجہ سے تقریباً 1100 جابس کو خطرہ ہے۔ پزا ایکسپریس نے کہا کہ وہ برطانیہ میں اپنے تقریباً 67ریسٹورنٹس بند کر سکتے ہیں، جس سے 1100 جابس کو خطرہ لاحق ہے۔ ڈائننگ چین اپنی مالی حالت کو مستحکمکرنے کیلئے ایک بڑے ری سٹرکچرنگ پلان کے حصے کے طور پر ایسا کر رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں کمپنی کی والنٹیری ارینجمنٹ (سی وی اے) ری سٹرکچرنگ ڈیل شروع کرنے کے منصوبہ کا آغاز کر رہی ہے جس کے نتیجے میں برطانیہ میں اس کے 449 ریسٹورنٹس میں سے 15فیصد بند ہو سکتے ہیں۔ تاہم ڈائننگ چین نے زور دیا کہ تنظیم نو کے حتمی نتائج کا ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ پزا ایکسپریس نے کہا کہ بزنس کیلئے فروخت کے عمل کی رہنمائی کے سلسلے میں لازرڈ کے ایڈوائزرز کی بھی خدمات حاصل کی ہیں۔ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس لاک ڈائون کے نفاذ کے اعلان کے بعد 23 مارچ کو پزا ایکسپریس نے برطانیہ میں اپنے تمام ریسٹورنٹس بند کر دیئے تھے۔ گروپ کے چیف فنانس افسر اینڈی پیلٹن نے کہا حالانکہ ہمیں کچھ بہت مشکل اور سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں ان میں سے کسی کو بھی ہلکا نہیں سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اعتماد ہے کہ قرضوں کی سطح کو کم کرنے اور زیادہ فوکسڈ بزنس پیدا کرنے، آپریشنل پرفارمنس میں بہتری کیلئے اقدامات کارگر ہوں گے، ان سب نے ہمیں زیادہ مستحکم پوزیشن میں کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم یو کے اینڈ آئی اور انٹرنیشنل بزنسز دونوں میں سرمایہ کاری کرنے اور اس کے ساتھ ساتھ کام پر واپس آنے والی اپنی ٹیموں کی سپورٹ کر سکتے ہیں۔ یوکے اینڈ آئرلینڈ مینجنگ ڈائریکٹر ژوئی بوویلے نے کہا کہ ہمارے کاروبار کی کامیابی کی ایک طویل تاریخ ہے لیکن برطانیہ بھر میں کورونا وائرس کوویڈ 19 لاک ڈائون نے ہاسپٹیلٹی انڈسٹری کو خاص طور پر شدید متاثر کیا ہے۔ اگرچہ مالی تنظیم نو آگے بڑھنے کیلئے ایک مثبت قدم ہے لیکن اس کے ساتھ ہمیں کچھ سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔ نتیجے کے طور پر ہم بوجھل دل کے ساتھ یہ توقع کرتے ہیں کہ ہم اپنے ریسٹورنٹس کے ایک تناسب کو مستقل طور پر بند کر دیں گے اور اس عمل سے اپنی ٹیم کے قیمتی ارکان سے محروم ہو جائیں گے۔