یوکے پاکستان بزنس کونسل کی پہلی ورچوئل انوسٹمنٹ کانفرنس

August 07, 2020

لندن (جنگ نیوز) یوکے پاکستان بزنس کونسل10اگست کو پہلی یوکے پاکستان ورچوئل انوسٹمنٹ کانفرنس منعقد کررہی ہے، جس میں برطانیہ، یورپ اور دوسرے ملکوں کے سمندر پار پاکستانی تاجر حصہ لیں گے۔ اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین یوکے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین اور سابق سفیر جاوید ملک نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی بزنس کمیونٹی پاکستانی معیشت میں حصہ لینے کے لیے سرگرمی سے مصروف ہے اور یوکے پاکستان بزنس کونسل کی ورچوئل بزنس کانفرنس سے واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ کووڈ19کی وبا کے چیلنجوں کے باوجود برطانیہ اور یورپ کے سمندر پار پاکستانی تاجر پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کاروباری تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو توسیع دینے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گورنر سندھ عمران اسمعیل کانفرنس کے مہمان خصوصی ہوں گے اور ان کے ساتھ انوسٹمنٹ فار یوکے کے وزیراعظم کے ترجمان صاحبزادہ جہانگیر، سلیم شیخ، پریذیڈنٹ پاکستان چیپٹر، خورشید برلاس کے علاوہ برطانیہ پاکستان اور دوسرے ملکوں کے تاجر بڑی تعداد میں کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ یوکے پاکستان بزنس کونسل کے عہدیدار کووڈ کے بعد کے تجارتی ماحول میں بزنس کرنے کے بدلتے ہوئے رجحانات میں تعاون کے نئے مواقع کی تلاش میں برطانیہ اور پاکستان کی بزنس کمیونٹیز کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے بورڈ آف انوسٹمنٹ پاکستان اور تمام صوبوں کے سرمایہ کاری بورڈز ایوان ہائے تجارت، معروف تاجروں اور تجارت اور کامرس کی وزارتوں سے یوکے پاکستان بزنس کونسل کی کانفرنسوں کے سلسلے کی غرض سے مذاکرات اور تعاون کریں گے۔ جاوید ملک نے مزید بتایا کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل جیسی نجی شعبے کی تنظیمیں وہ محرک ہیں جو کووڈ19کے بحران کے خاتمے پر اقتصادی بحالی کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کی کوششوں کی مدد کریں گی اور دونوں ملکوں میں بزنس کمیونٹی کی اپنے متعلقہ اداروں کے ساتھ سرگرمی سے مصروف رہنے کی حوصلہ افزائی کریں گی۔ پہلی ورچوئل یوکے پاکستان انوسٹمنٹ کانفرنس تاجروں اور پروفیشنلز کے لیے کھلی ہوگی جو رجسٹریشن کے لیےhttp//www.ukpbc.orgپر وزٹ کرسکتے ہیں۔